چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا کہ زہر دینے کے معاملے پر بشریٰ بی بی کے مکمل ٹیسٹ کروائے جائیں، اور تمام ٹیسٹ شوکت خانم سے کرائے جائیں، ٹیسٹ کی حتمی رپورٹ ہی کو ہم مانیں گے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں آج اہم ڈویلپمنٹ ہوئی ہے۔ لوگ کہا کرتے تھے زمین مفت الاٹ ہوئی تھی، لیکن آج نیب کے گواہ نے خود عدالت کو بتایا زمین کی خریداری کا ریکارڈ موجود ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا وہ اپنے وعدہ معاف گواہوں کے خلاف کیس دائر کریں گے، انہوں نے چیئرمین نیب کے خلاف بھی کیس دائر کرنے کا کہا ہے۔ جو پارٹی کے خلاف بیان دے چکے ہیں ان کی واپسی کا فیصلہ بانی چیئرمین عمران خان خود کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے شہریار آفریدی کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ خرم ذیشان کا نام ڈراپ کرنا بانی پی ٹی آئی کے فیصلے کی توہین ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ شہریار آفریدی کی بہت ساری قربانیاں ہیں، وہ ہمارے لیڈر ہیں، میری درخواست ہے کہ جسے جو بات کرنی ہے پارٹی پلیٹ فارم سے کرے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی زمہ داری نبھانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ ہم اپنا کردار بحیثیت اپوزیشن ادا کرنا چاہتے ہیں، سینیٹ کے انتخابات پر بانی پی ٹی آئی سے بات ہوئی۔ ہمارے کے پی میں سینیٹ الیکشن ملتوی کئے گئے۔
’خیبرپختونخوا کے ساتھ ایسا سلوک کیوں کیا جارہا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کے پی میں سینیٹ انتخابات تک چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات نہ کروائے جائیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے بیرسٹر علی ظفر کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا امیدوار نامزد کردیا ہے۔
کھینچا تانی کرنے والوں کے ساتھ میں خود نمٹوں گا، شیر افضل مروت
اس موقع پر شیر افضل مروت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریار آفریدی نے جو بات کی ہے درست کی ہے، میں اس کی تائید کرتا ہوں، انہوں نے خرم ذیشان کے آواز اٹھائی ہے، خرم ذیشان کا نام ڈراپ کیا جانا بانی پی ٹی آئی کے فیصلے کی توہین ہے۔
ایک صحافی کے سوال پر شیر افضل نے کہا کہ میں آپ کی بات کو درست قرار دیتا ہوں، میری کھینچا تانی ہورہی ہے، جو لوگ یہ کررہے ہیں میں کھل کر ان کے ساتھ کروں گا، یہ لوگ میرے بغض میں کررہے ہیں اور پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے پارٹی کے اندرکچھ لوگ مجھے فرنٹ فٹ پر نہیں دیکھنا چاہتے۔ میں بانی پی ٹی آئی کے سامنے یہ سارے معاملات لیکر جاوں گا، میرے ساتھ کھینچا تانی کرنے والوں کے ساتھ میں خود نمٹوں گا۔
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے اندر اختلافات طول پکڑ رہے ہیں، گزشتہ روز بھی پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی نے کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی کے اندر اس وقت کچھ منافق اور آستین کے سانپ موجود ہیں، چند لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ خاموشی کا فائدہ نہ اٹھائیں اور پھٹنے پر مجبور نہ کریں۔