نوشہرہ، چارسدہ اور کوہاٹ: مختلف واقعات میں 18 افراد ڈوب گئے، 8 کو زندہ نکالا جاسکا

جمعرات 11 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبہ خیبر پختونخوا میں نوشہرہ ، چارسدہ اور کوہاٹ میں رونما ہونے والے مختلف واقعات میں 18 افراد ڈوب گئے، جن میں سے 8 افراد کو زندہ نکالا جاسکا، دیگر کی تلاش تاحال جاری ہے۔

عید الفطر کے موقع پر صوبہ خیبر پختوخوا کے  3 اضلاع  چارسدہ، نوشہرہ اور کوہاٹ میں مختلف واقعات میں 18 افراد ڈوب گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق غوطہ خوروں نے اب تک 8 افراد کو زندہ نکال لیا۔

تفصیلات کے مطابق نوشہرہ  کے مقام کنڈ پارک میں کشتی الٹنے  سے 10 افراد ڈوب گئے جن میں سے 3 افراد کو زندہ نکال لیا گیا، اسی طرح چارسدہ خیالی نہر میں 6 افراد نہاتے ہوئے ڈوب گئے جن میں سے 3 کو زندہ نکال لیا گیا، جبکہ کوہاٹ میں ڈیم میں نہاتے ہوئے 2 افراد ڈوب گئے جن کو زندہ نکال لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کنڈ پارک سرچ آپریشن میں ریسکیو1122 نوشہرہ، مردان اور صوابی کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

ریسکیو1122 ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات پر پہلے ہی سیاحتی مقامات پر غوطہ خور ٹیمیں تعینات کی گئیں تھیں،

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور  نے کنڈ پارک نوشہرہ میں کشتی الٹنے کے واقعہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے  ڈوبنے والے افراد کی خیریت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔  واقعہ کی خبر ملتے ہی وزیر اعلٰی نے  ریسکیو حکام اور ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی طور پر ریسکیو اقدامات کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈوبنے والے افراد کو  بچانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں، ریسکیو کیے جانے والے افراد کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں کشتی رانی کو محفوظ بنانے کے لئے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

اور کشتی رانی کے لیے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp