ایران کو جواب دیں گے مگر جنگ نہیں کرنی، اسرائیل

منگل 16 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیل پر ایرانی حملے کے بعد اسرائیلی جنگی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایران کو حملے کا جواب ضرور دیں گے جنگ نہیں کرنی ہے۔

اسرائیل کے حکومتی ترجمان نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ اسرائیلی جنگی کابینہ کے دوسرے اجلاس میں بھی کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا، اسرائیل نے تمام آپشن برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی جنگی کابینہ کا اجلاس آج پھر ہوگا جس میں ایران کے جوابی حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتے لیکن اسرائیلی کارروائی کا فوری اور پہلے سے زیادہ سخت جواب دیں گے، ایران

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کشیدگی میں اضافہ نہیں دیکھنا چاہتے، ہم سفارتی رابطے کر رہے ہیں۔ قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ کا بھی کہنا تھا کہ کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتے لیکن اسرائیلی کی انتقامی کارروائی کا فوری اور پہلے سے زیادہ سخت جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ ایران نے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کا جواب دیتے ہوئے اسرائیل پر 300 سے زائد ڈرون اور میزائل داغے تھے۔

ایران کی نیت بہت زیادہ تباہی کی تھی، جان کربی

امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے ایران کے اسرائیل پر حملے سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کی واضح نیت بہت زیادہ تباہی کی تھی۔ یہ بات غلط ہے ایران نے اسرائیلی حملے کی وارننگ پہلے دی تھی۔

جان کربی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایران سے پیغام ملا تھا لیکن کوئی وقت، ہدف یا ردعمل کی نوعیت شامل نہیں تھی۔ امریکی قومی سلامتی کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل آج بہت مضبوط اسٹریٹجک پوزیشن میں ہے۔ ہم ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

ایرانی ایٹمی تنصیبات پر ممکنہ حملہ؟

عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر ممکنہ اسرائیلی حملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سربراہ آئی اے ای اے رافیل گروسی نے کہا کہ ایرانی حکومت نے ایٹمی معائنہ کاروں کو بتایا کہ جوہری تنصیبات سیکیورٹی کے پیش نظر بند رہیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے یہ تنصیبات آج کھولنے کا کہا ہے، آئی اے ای اے کے معائنہ کار ایران میں کام کررہے ہیں، یقیناً ہم ہمیشہ انتہائی تحمل کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس سے پہلے اسرائیلی آرمی چیف نے ایرانی حملے پر کہا تھا کہ ایران کو اپنے اقدامات کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

ایران حالیہ صورتحال کو اچھی طرح سنبھال لے گا، چین

چین نے توقع کا اظہار کیا ہے کہ ایران حالیہ صورتحال کو اچھی طرح سنبھال لے گا اور خطے کو شورش میں نہیں ڈالے گا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے ٹیلی فون پر بات کی۔ چین نے ایران کی جانب سے علاقائی اور پڑوسی ممالک کو نشانہ نہ بنانے کو سراہا۔

غزہ: الشفا اسپتال میں اجتماعی قبر سے 10 لاشیں نکالی گئیں

غزہ کے محکمہ صحت کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ غزہ شہر کے الشفا اسپتال میں ایک اجتماعی قبر سے اب تک 10 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں کی ہلاکت خیز کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور مزید اسرائیلی فوجیوں کو طلب کر لیا گیا ہے۔

7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 33 ہزار 797  فلسطینی شہید اور 76 ہزار 465 زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیل میں حماس کے 7 اکتوبر کے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1139 ہے جبکہ درجنوں افراد اب بھی یرغمال ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp