عمران خان کی جانب سے لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر پولیس ایکشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردی گئی ہے۔
عمران خان کی جانب سے آئینی پٹیشن اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دائر کی جس میں نگران حکومت پنجاب، چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عمران خان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا۔ پولیس نے قانون کو ہاتھ میں لیا چادر اور چار دیواری کاتحفظ پامال کیا۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے نہتے اور بے گناہ کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گرفتارکیا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ غیر قانونی کاروائی میں ملوث پولیس والوں کےخلاف کاروائی کا حکم دیا جائے۔