شاہین شاہ آفریدی کی ایک وکٹ جو لاکھوں میں پڑی

جمعہ 19 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ٹی 20 میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا، بارش کے باعث پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ 5 اوور تک محدود کیا گیا تھا جو شروع ہوتے ہی ختم ہو گیا۔

بارش کے باعث میچ مقررہ وقت 7:30 کے بجائے 10 بجکر 17 منٹ پر شروع ہوا جو صرف 2 گیندوں کے بعد ہی منسوخ کردیا گیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے 2بال پر 2رنز بنائے گئے جبکہ 1 کھلاڑی آؤٹ ہو گیا تھا۔ شاہین شاہ آفریدی 1 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

بارش کے باعث منسوخ ہونے والے میچ پر شائقین پریشانی میں مبتلا نظر آئے کہ ٹکٹ ری فنڈ ہوں گے یا نہیں، جس پر حکام کی جانب سے کہا گیا کہ  کرکٹ قوانین کے مطابق ٹی 20 میچ واش آؤٹ ہونے پرٹکٹیں ری فنڈ نہیں ہوں گی، چونکہ پہلے میچ کا ٹاس ہوگیا تھا۔

سپورٹس جرنلسٹ عمران صدیقی نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر کرکٹ میچ کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک بال بھی ہو جائے تو ٹکٹ کا پیسہ واپس نہیں ہوگا۔ پنڈی والوں کا آج نقصان ہوگیا اور شاہین شاہ آفریدی کی آج زبردست وکٹ لاکھوں کی پڑی۔

فیضان لاکھانی لکھتے ہیں کہ شائقین کے پیسے ڈبونے کے لیے صرف ٹاس بھی کافی تھا۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ یہ تو پنڈی کے شائقین کے  ساتھ مذاق ہو گیا۔

جہاں کئی صارفین نے طنزو مزاح کا سہارا لیا وہیں چند شائقین ایسے بھی تھے جنہوں نے پی سی بی سے کہا کہ انہیں اپنی پالیسز پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے، اگر کوئی نتیجہ نہیں نکلتا ہے تو میچ کے ٹکٹ ری فنڈ ہونے چاہیئں۔

واضح رہے کہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کے ابتدائی 3 میچز ہوں گے جبکہ باقی 2 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp