لاہور ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والے برطانوی نژاد مسافر ملک بلال کی ایف آئی اے اہلکار سے تلخ کلامی ہوئی ہے اور اس موقع پر اہلکار نے مسافر کو تھپڑ مار دیا۔
ایئرپورٹ پورٹ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اہلکار کا تھپڑ لگنے سے مسافر کے کان سے خون بہہ نکلا۔
مزید پڑھیں
ذرائع کے مطابق پی کے 204 پر دبئی سے آنے والے مسافر کی ای ویزا پر ایف آئی اے اہلکار سے تلخ کلامی ہوئی۔
برطانوی نژاد مسافر نے ایف آئی اے اہلکار کے خلاف ایئرپورٹ حکام کو درخواست دے دی۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ ہم واقعہ کی انکوائری کررہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق واقعہ کی مکمل انکوائری کے لیے انچارج ایف آئی اے لاہور ایئرپورٹ کو خط لکھ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایف آئی حکام نے کہا ہے کہ مسافر نے سفری دستاویز مانگنے پر ایف آئی اے اہلکار کو گالی دی جس پر جھگڑا ہوا۔
ادھر مسافر کے اہلخانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ برطانوی نژاد مسافر ملک بلال نے ایف آئی اے اہلکار کے رویے کے خلاف برطانوی سفارت خانے میں بھی درخواست دیدی ہے۔