امریکی سینٹرل کمانڈ یعنی سینٹ کام کے سربراہ جنرل مائیکل ای کوریلا نے پاک فوج کی قیادت کے ساتھ ساتھ ملک کے ایٹمی پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی نظام محفوظ ہاتھوں میں ہے اور امریکہ اس سے مطمئن ہے۔
سینٹ کام کے اٹھارہویں کمانڈر کا یہ بیان چند روز قبل امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے اجلاس میں امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل مائیکل ای کوریلا نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام اور اس کے استحکام سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے سامنے آیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ نے کہا کہ انہیں پاکستان کے جوہری پروگرام کے سیکیورٹی طریقہ کار پر اعتماد ہے۔ انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات پر بھی بات کی۔
انہوں نے سیاسی عدم استحکام اور اقتصادی بحران کے خدشات سے قطع نظر پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی محفوظ کمانڈ اور کنٹرول پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
سینیٹر اینگس کنگ کی جانب سے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے استحکام اور استحکام کے طویل مدتی امکانات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں جنرل نے ریمارکس دیئے کہ اس وقت پاکستان کا بجٹ، اس کے مالی حالات اور سیاسی صورتحال تشویش کا باعث ہیں۔
جنرل کوریلا کے مطابق پاکستان میں انسداد دہشت گردی کی صورتحال بھی ایک مسئلہ ہے کیونکہ کالعدم گروپ کے ساتھ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے تحریک طالبان پاکستان کے حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔














