ایبٹ آباد میں تحریک انصاف حویلیاں کے تحصیل چیئرمین عاطف منصف خان کی گاڑی پر فائرنگ سے 8 افراد قتل کردیے گئے۔
ایبٹ آباد پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایبٹ آباد کے علاقے لنگڑا میں پیش آیا جہاں تحریک انصاف کے چیئرمین عاطف خان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، فائرنگ کے بعد گاڑی کو آگ لگ گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی مگر اس وقت تک تمام افراد جاں بحق ہوچکے تھے، ریسکیو ٹیموں نے گاڑی کے شیشے توڑ کر لاشیں باہر نکالیں۔
علاقہ مکینوں اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ۔
ڈی پی او ایبٹ آباد نے 8افرادکے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد عمر طفیل نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فائرنگ سے 8 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں چیئرمین تحصیل حویلیاں عاطف خان بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گولیاں فیول ٹینک میں لگنے سے گاڑی میں آگ لگی جس کے باعث کوئی بھی بچ نہ سکا۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے، فائرنگ مخالف گروپ نے کی ہے جن کے ساتھ ان کا تنازعہ چلا آرہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ چیئرمین عاطف خان جنازے میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے جہاں ان کو نشانہ بنایاگیا۔
عاطف منصف خان کون تھے؟
عاطف منصف خان ایبٹ آباد کے سیاسی اثر ورسوخ رکھنے والے خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور ان کے والد حاجی منصف خان پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر ممبر صوبائی اسمبلی رہے۔
عاطف منصف خان نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لیا تھا اور کامیاب ہونے کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرکے چیئرمین منتخب ہوگئے تھے۔
عاطف منصف خان کو سال 2015 میں مقامی سیاست دان خان جاوید کی گاڑی پر فائرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جس میں 6 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔انسداد دہشت گردی عدالت ہزارہ میں کیس کی سماعت ہوئی اور سال 2022 میں عاطف منصف خان اور 5 دیگر ملزمان قتل کیس سے بری ہوگئے تھے۔