پاکستان علما کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں یوم استحکام پاکستان منایا گیا، نماز جمعہ کے بعد ملک کے استحکام اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
مزید پڑھیں
’ یوم استحکام پاکستان‘ کی مناسبت سے چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جس میں شر پسند عناصر نے اہم ترین دفاعی تنصیبات اور یادگار شہدا کی بے حرمتی کر کے دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو تقویت دی، ان واقعات میں ملوث مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے اور بے گناہ لوگوں کو رہا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مستحکم کرنے کے لیے محاذ آرائی کی سیاست کا خاتمہ ہونا چاہیے، تمام سیاسی قوتیں کھلے دل سے اپنی غلطیوں کو تسلیم کریں اور مذاکرات کی جانب آئیں، یہ ملک ہم سب کا ہے اسے مسائل سے نکال کر استحکام و ترقی کی جانب لے کر جانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعات میں ملوث جن مجرموں کے خلاف ثبوت موجود ہیں انہیں جلد فوری سزائیں دی جائیں، پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکال کر استحکام و ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لیے افواج پاکستان اور قوم متحد ہیں اور متحد رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ طویل بحرانی صورت حال کا سامنا کرنے کے بعد اس وقت ایک بار پھر پاکستان معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے، ایسی صورت حال میں تمام سیاسی قوتوں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے استحکام پاکستان کے اس سفر میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ ملک مزید کسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، ملک میں عدالتیں اور ادارے موجود ہیں، اگر کسی کو کسی مسئلے پر تحفظات ہیں تو سڑکوں پر آ کر ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی بجائے متعلقہ فورم پر اپنا معاملہ لے کر جائے۔
ملک بھر کے دیگر علما کرام علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا محمد رفیق جامی، مولانا نعمان حاشر، مولانا اسعد زکریا قاسمی، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا اسد اللہ فاروق اور علامہ زبیر عابد نے بھی نماز جمعہ کے اجتماعات میں 9 مئی کے واقعہ کی بھر پور مذمت کی ۔