ہم اسٹائل ایوارڈز: علیزے شاہ، آئمہ بیگ اور حازم بنگوار توجہ کا مرکز کیوں رہے؟

پیر 13 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہم اسٹائل ایوارڈز 2001 سے منعقد ہورہے ہیں جس کا مقصد آرٹ، ثقافت، پاکستانی فیشن، فلموں اور ٹی وی کو فروغ دینا ہے۔ 11 مئی کو بھی ہم اسٹائل ایوارڈ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فیشن، فلم اور ڈراما انڈسٹری کے معروف فنکاروں نے شرکت کی۔

تقریب میں کئی اداکاروں نے اپنے منفرد انداز اور دلکش لباس سے مداحوں کو اپنا گرویدہ بنایا تو کئی اداکارائیں اپنے بولڈ لباس کی وجہ سے مداحوں کی تنقید کی زد میں بھی نظر آئیں۔ تنقید کا نشانہ بننے والوں میں سرِفہرست اداکارہ و ماڈل علیزے شاہ، معروف گلوکارہ آئمہ بیگ اور کراچی کے علاقے ناظم آباد میں تعینات سابق اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار ہیں۔

علیزے شاہ نے ہم اسٹائل ایوارڈز شو میں مغربی طرز کا بولڈ سیاہ گاؤن زیب تن کیا جبکہ آئمہ بیگ نے سیاہ رنگ کا ویسٹرن اسٹائل منی ڈریس زیب تن کیا۔ علیزے شاہ اور آئمہ بیگ کو اپنے بولڈ لباس کے سبب مداحوں کی جانب سے منفی تبصروں کا سامنا ہے۔

کراچی کے علاقے ناظم آباد میں تعینات سابق اسسٹنٹ کمشنر حازم بنگوار بھی اپنے منفرد فیشن سینس کی وجہ سے سب کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ سیاہ ٹی شرٹ نما لباس کے ساتھ کندھوں پر چمڑے کے کراؤن اسٹائل ونگز، چمڑے کے گلوز اور ٹراؤزر میں ملبوس حازم تقریب میں سب سے انوکھے نظر آئے اور لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے، جس پر انہیں صارفین کی تنقید کا سامنا ہے۔ خیال رہے کہ حازم بنگوار نے یونیورسٹی آف لندن سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی، اس سے قبل انہوں نے فیشن ڈیزائنگ میں بیچلرز بھی کیا۔

اداکار یاسر حسین نے بھی اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں حازم بنگوار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اُن کے منفرد اسٹائل کی تعریف کی۔ یاسر حسین نے کہا کہ سارا ایوارڈ شو ایک طرف اور حازم بنگوار ایک طرف۔

دوسری طرف پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے تقریب میں گلابی و سیاہ پینٹ شرٹ کے ساتھ میچنگ کوٹ پہنا۔ ان کا فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پہنا جانے والا ‘کوفیہ’ کے پرنٹ والا لباس زیب تن کرنا توجہ کا مرکز بن گیا۔ ہانیہ عامر کے اس لباس پر نظر آنے والا پرنٹ ‘کوفیہ’ نامی اس اسکارف کے جیسا ہے جو پوری دنیا میں فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پہنا جارہا ہے۔

اس منفرد لباس کے علاوہ انہوں نے فلسطینی پرچم کا چھوٹا سا بیج بھی اپنے لباس پر لگایا۔ صارفین کی جانب سے ان کے اس عمل کو پسند کیا گیا، صارفین کا کہنا تھا کہ ایک بڑے ایونٹ میں فلسطین کی حمایت کرنے کا یہ طریقہ اپنا کرانہوں نے اچھی مثال قائم کی ہے۔

تقریب میں اداکارہ کو ٹیلی ویژن کی سب سے اسٹائلش اداکارہ کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا، ہانیہ عامر اپنا ایوارڈ وصول کرنے کے لیے اسٹیج پر آئیں تو انہوں نے غزہ میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp