آزاد کشمیر: عوامی احتجاج رنگ لے آیا، آٹے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری

پیر 13 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر حکومت نے جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات منظور کرتے ہوئے آٹے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

حکومت آزادکشمیر نے آٹے کی قیمت میں 1100 روپے من کم کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا جبکہ بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کی منظوری دی گئی ہے۔

محکمہ خوراک سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اب 20 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہزار روپے جبکہ 40 کلو آٹا 2 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا۔

دوسری جانب بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو استعمال کے لیے ایک سے 100 یونٹ تک بجلی کی قیمت 3 روپے، 100 سے 300 یونٹ تک بجلی کی قیمت 5 روپے، اور 300 سے زیادہ یونٹس کے استعمال پر 6 روپے یونٹ وصولی کی جائے گی۔

اس کے علاوہ کمرشل استعمال کے لیے بجلی کے 300 یونٹ استعمال کرنے پر 10 روپے فی یونٹ ادائیگی کرنا ہوگی۔ جبکہ 300 سے زیادہ یونٹس کے استعمال پر فی یونٹ بجلی کی قیمت 15 روپے ہو گی۔

ادھر ایکشن کمیٹی کے مطالبات منظور ہونے کے بعد آزادکشمیر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر بند کی گئی انٹرنیٹ سروس بھی بحال کردی گئی ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ سستی روٹی اور سستی بجلی سے کوئی انکار نہیں کرسکتا، عوام کی پرامن جدوجہد روکنے کا ارادہ پہلے تھا نہ اب ہے۔

انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے عوام کے مطالبات پورے کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے خطیر رقم فراہم کی، کشمیری عوام کے لیے یہ ریلیف عارضی نہیں بلکہ مستقل ہے۔

چوہدری انوارالحق نے کہاکہ اس بات اتفاق کرلیا ہے کہ اپنے اخراجات میں کمی لائیں گے، آٹے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشنز کے بارے میں ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کو بتا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام 10 مئی سے آزادکشمیر بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال جاری تھی، اس دوران ہفتہ کے روز اسلام گڑھ میں مظاہرین کی گولی لگنے سے ایک سب انسپکٹر بھی شہید ہوا۔

گزشتہ روز راولاکوٹ کے مقام پر حکومتی کمیٹی اور ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات ہوئے جو ناکام ہوگئے تھے، جس کے بعد وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آج ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے آزادکشمیر کی صورتحال پر بریفنگ لی اور فوری طور پر 23 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی جس کے بعد حکومت آزاد کشمیر نے بجلی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp