پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت سعودی عرب سے متعلق اپنے ایک بیان پر سوال پوچھنے پر غصہ ہوگئے۔
مزید پڑھیں
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہوا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے وہ ایک بات واضح کردینا چاہتے ہیں کہ وہ ان کے پاس اس وقت ہی جائیں گے جب وہ انہیں بلائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’میرا لیڈر جب بھی مجھے یاد کرے گا میں اس کے پاس جاؤں گا‘۔
جب شیر افضل مروت سے پوچھا گیا کہ کیا وہ سعودی عرب کے حوالے سے اپنے بیان پر قائم ہیں تو انہوں نے خفگی کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹر سے کہا کہ ’میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ مجھ سے وہ سوال نہ کریں‘۔
شیر افضل مروت سعودی عرب سے متعلق سوال پوچھنے پر غصہ ہوگئے، مجھ سے سوال مت پوچھو !@sherafzalmarwat #WENews #imrankhan #PTI pic.twitter.com/DFz4CkwJUY
— WE News (@WENewsPk) May 13, 2024
واضح رہے کہ صحافیوں سے ملتے ہی شیر افضل مروت نے ایک بات واضح کردی تھی کہ ان سے پارٹی کے اندرونی اختلافات کے حوالے سے کوئی سوال نہ پوچھا جائے۔
اس پر ایک رپورٹر نے پوچھا کہ آپ نے حال ہی میں کون سی فلم دیکھی ہے اس پر انہوں نے کہا کہ انہوں نے ’کرولوس عثمان‘ کی اقساط دیکھی ہیں اور مزے کی بات یہ ہے کہ اس میں بھی ساری سیاست ہی سیاست ہے اور اسے دیکھ کر ان کے دماغ کے دریچے مزید کھل گئے ہیں۔
ایک اور رپورٹر نے پوچھا کہ نیٹ فلکس پر بھارتی فلم ہیرامنڈی آئی ہے اس کے بارے میں کیا خیال ہے تو انہوں نے کہا کہ وہ ایسی فلمیں نہیں دیکھتے۔
ایک اور سوال کے جواب میں شیر افضل مروت نے کہا کہ ’میں کبھی دکھ میں نہیں رہا بلکہ میں نے ہمیشہ دکھوں کی مٹی پلید کی ہے‘۔
پی ٹی آئی کی جانب سے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس پارٹی کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب کی جانب سے جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ آپ کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے پارٹی کے مفادات کو نقصان پہنچا ہے اور بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے باوجود آپ نے بیانات دیے۔