وفاقی حکومت نےچیف سیکرٹری خیبر پختونخوا امداد اللہ بوسال کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی جگہ ندیم اسلم چوہدری کو نیا چیف سیکرٹری تعینات کردیا۔

وفاقی حکومت نے گریڈ 22 کے امداد اللہ بوسال کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران حکومت اور خصوصا ًگورنر حاجی غلام علی کی جانب سے ٹرانسفر اینڈ پوسٹنگ میں مداخلت سے چیف سیکرٹری خوش نہیں تھے اور ان کی سفارش کو نہیں مانتے تھے جس کے باعث حکومتی حلقے ان سے نالاں تھے۔ نگران حکومت تمام انتظامی امورکے سیکرٹریز کو تبدیل کرنے کی خواہش مند ہے۔
واضح رہے کہ امداد اللہ بوسال 2 ماہ سے بھی کم عرصہ تک خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری تعینات رہے ہیں۔ انہیں یکم فروری 2023 کو تعینات کیا گیا تھا اور ایک ماہ 20 دن بعد ہی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ختم ہونے کے بعد نگران سیٹ اپ آتے ہی ڈاکٹر شہزاد بنگش کو تبدیل کرکے ان کی جگہ امداداللہ بوسال کی تعیناتی کی گئی تھی۔