چین کے صوبے جیانگسو کے علاقے تائژو کے شہری کو اس وقت مشکل کا سامنا کرنا پڑا جب اس نے صبح جاگنے کے بعد غنودگی میں دانتوں کی صفائی شروع کی لیکن صفائی کے ساتھ برش ہی نگل گیا۔
شہری کو فوری اسپتال میں ایمرجنسی میں منتقل کرنا پڑا، جہاں اسے پیچیدہ قسم کے گیسٹرو اسکوپک آپریشن کرانا پڑا۔ تاکہ اس کے پیٹ میں موجود اس 15 سینٹی میٹر کے ٹوتھ برش کو نکالا جاسکے۔
شہری کا کہنا ہے کہ وہ صبح سویرے روز کی طرح ناشتے سے قبل دانتوں کی صفائی کے لیے گیا لیکن تھکاوٹ کی وجہ سے وہ غنودگی میں تھا جس میں اس نے غلطی سے برش کو ہی نگل لیا۔
شہری کا کہنا ہے شدید تکلیف کے باعث اس نے پہلے برش کو خود نکالنے کی کوشش کی مگر وہ ناکام ہو گیا جس کے فوری بعد اسے اسپتال جانا پڑا، جہاں ڈاکٹروں نے ایکسرے اسکین کے ذریعے برش کا پتہ لگایا، اور پھر بغیر کسی تاخیر کے اس کا آپریشن کر دیا گیا۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شہری کا بروقت اسپتال آنا ان کے اور خود شہری کے لیے مفید مند ثابت ہوا، کیونکہ اگر وہ تاخیرکرتا تو اس کی غذا کی نالی کو نقصان پہنچ سکتا تھا۔