’یوں لگ رہا ہے جیسے برسوں بعد کپتان کو دیکھ رہے ہیں‘ عمران خان کی پہلی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

جمعرات 16 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کردیا گیا جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے عمران خان کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جیسا میں نے لکھا تھا کہ عمران خان اپنی 2015-16 کے فٹنس لیول پر ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس تصویر سے لوگ اب خود بھی عمران خان کی فٹنس دیکھ لیں گے۔

ایک صارف نے تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ مرشد عمران خان کا دیدار 285 دن بعد۔

پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے کہا کہ دنیاوی خدائی دعوے داروں نے کہا تھا ہم عمران خان کی ایک جھلک دیکھنے نہیں دیں گے۔ ابھی انشاللہ آپ کے بہت سارے اور دعوے بھی غلط ثابت ہوں گے۔

محمد عاصم خان لکھتے ہیں کہ بہت روکنے کے با وجود بھی 285 دن بعد عمران خان کی تصویر لوگوں کے سامنے آ ہی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھ کہ باڈی لینگویج سے صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے موقف پر اب بھی ڈٹ کہ کھڑے ہیں اور انشاء اللّٰہ بہت جلد وہ سرخرو ہو کر نکلیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار نے عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ قوم کا حقیقی لیڈر، بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان، اڈیالہ جیل سے 9 ماہ کے طویل عرصے بعد۔

وقاص امجد لکھتے ہیں کہ عمران خان کی تصویر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی ہے، یوں لگ رہا ہے جیسے برسوں بعد کپتان کو دیکھ  رہے ہیں۔

زبیر خان نیازی نے عمران خان کی تصویر پر شاعرانہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ تیرا دیدار لیڈر ساڈی پوری زندگی ہے۔

عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کا سن کر پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جا رہا تھا، اورسوشل میڈیا پر IKonVideoLink# کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ کررہا تھا۔ اس موقع پر سوشل میڈیا پر  یو ٹیوب کے سبسکرائبرز میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، سپریم کورٹ کے سبسکرائبرز کی تعداد 10 ہزار سے بڑھ کر 50 ہزار سے زائد تک پہنچ گئی۔ جس پر صارفین نے اسے سپریم کورٹ کے لیے ڈالرز کمانے کا بہترین ذریعہ قرار دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp