پشتوگلوکارہ گل پانڑہ کے گھر بار بار داخل ہونے والا شخص کون ہے؟

پیر 20 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور پولیس نے پشتو کی معروف گلوکارہ گل پانڑہ  کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے اس کے گھر  کے باہر گھنٹوں کھڑا رہنے والے مبینہ مداح کو اُس وقت گرفتار کرلیا جب اس نے زبردستی گھر میں گھسنے کی کوشش کی اور گھر والوں کو دھمکیاں دیں۔

پشاور پولیس نے مبینہ مداح کی گرفتاری کی تصدیق کرکے بتایا کہ ملزم اس سے پہلے بھی تین بار گلوکارہ کے گھر میں زبردستی گھسنے کی کوشش پر گرفتار ہوا تھا۔ تازہ ترین واقعے میں تھانہ شرقی پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد گلوکارہ گل پانڑہ کےبھائی کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر دی۔ جس کے مطابق ملزم کی شناخت عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے، وہ افغان کالونی کا رہائشی ہے۔

ملزم نے زبردستی گھر میں گھسنے کی کوشش کی

گل پانڑا کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ آج صبح کے وقت ملزم موٹرسائیکل پر آیا۔ وہ ان کے گھر کے باہر کھڑا تھا اور پھر مبینہ طور پر زبردستی ان کے گھر میں گھسنے کی کوشش کی جس پر گھر والوں نے انھیں پکڑ لیا۔ ملزم نے لڑائی اور شور شرابا کرنے کی کوشش کی۔ ایف آئی آر کے مطابق مدعی نے بتایا کہ ملزم انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے جس کی وجہ سے وہ بہت پریشان ہیں۔ ان کی زندگی گھر تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

ملزم تین بار گھر میں گھسنے کی کوشش پر گرفتار ہوا تھا

گل پانڑا کے بھائی نے پولیس کو بتایا ہے کہ ملزم نے اس سے پہلے بھی تین بار زبردستی ان کے گھر میں گھسنے کی کوشش کی تھی۔ پہلی بار جب اس نے کوشش کی تھی تو گھر والوں نے شور مچایا تو ملزم موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہو گیا تھا۔ جس کے بعد اسے پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔ دوسری بار اور تیسری بار کوشش کے دوران بھی اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔ بعدازاں اس کے بھائیوں کی یقین دہانی اور ضمانت پر بغیر کسی کاروائی کے ان کے حوالے کیا گیا تھا۔

ملزم گل پانڑا کا مداح ہے، ذہنی صحت ٹھیک نہیں

پولیس کے مطابق ملزم گلوکارہ گل پانڑا کا فین ہے۔ وہ  ان سے ملنے کے لیے ان کے گھر کے باہر اکثر بیٹھا رہتا ہے۔ متعدد بار اسے منع بھی کیا گیا لیکن وہ باز نہیں آتا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کی ذہنی حالت درست نہیں ہے۔ اس وجہ سے وہ ایسی حرکات کرتا رہتا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم ان کی حراست میں ہے۔ اس سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp