سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ فیوچر ایوی ایشن فورم میں دنیا بھر سے ہوابازی کے شعبے کے ماہرین اور عہدیدار شرکت کر رہے ہیں، فورم 22 مئی تک جاری رہے گا۔
فیوچر ایوی ایشن فورم میں 100 ممالک کے تقریب 5 ہزار ایوی ایشن ماہرین اور رہنما شریک ہیں، جن میں بین الاقوامی ایئر لائنز کے سربراہ اور بڑے عالمی صنعت کار بھی شامل ہیں۔
فورم کے انعقاد کا مقصد ہوابازی کی صنعت میں حالیہ ترقی وچیلنجز پر تبادلۂ خیال کرنا، اور اس شعبے میں مستقبل کا جائزہ لینا ہے۔
فورم کا آغاز سعودی وزیر برائے نقل وحمل ولاجسٹک سروسز انجینئیر صالح بن ناصر الجاسر کے خیر مقدمی خطاب سے ہوا، جس میں انہوں نے ہوابازی کے شعبے میں کارکردگی اور حفاظت کو بہتر بنانے میں اختراع اور ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیا۔
We were pleased to showcase our aircraft to a wide range of government representatives at the Future Aviation Forum in Riyadh, Saudi Arabia today, and discuss the exciting opportunities for electric vertical flight as part of the Kingdom's commitment to sustainability through its… pic.twitter.com/6hbf6jemQ0
— Joby Aviation (@jobyaviation) May 20, 2024
فیوچر ایوی ایشن فورم اپنے اس تیسرے ایڈیشن میں 100 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے گا، جس کا مقصد سعودی عرب کو مشرق وسطیٰ کا ایک معروف لوجسٹک مرکز بنانا اور 2030 کے وژن کے اہداف سمیت قومی ہوابازی کی حکمت عملی کے اہداف کے حصول کے لیے اس اہم شعبے میں ایک پرکشش سرمایہ کاری ماحول فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر سعودی ایئرلائنگروپ کی جانب سے مملکت کی ایوی ایشن کی تاریخ میں سب سے بڑی خریداری کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ گروپ ایئربس اے320 نیو کے 105 طیارے حاصل کرے گا۔
سعودی ایئرلائن گروپ کو جہازوں کی پہلی کھیپ 2026 کی پہلی سہ ماہی میں وصول ہوگی اور آئندہ 5 سالوں میں نئے آرڈر میں سے 88 طیارے وصول کیے جائیں گے۔
کانفرنس میں مختلف موضوعات جیسے ماحولیاتی استحکام، مصنوعی ذہانت، اور ہوابازی کی خدمات میں ڈیجیٹل تبدیلی پر مباحثے اور ورکشاپس بھی ہوں گی۔
ماہرین کے مطابق فیوچر ایوی ایشن فورم کا انعقاد بین الاقوامی تعاون اور تجربات کے تبادلے کو فروغ دے گا، جس سے مملکت سعودی عرب کو ہوابازی کے عالمی مرکز کے طور پر اپنی حیثیت مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔