کراچی سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ژالے سرحدی پاکستانی فلموں، ڈراموں اور ماڈلنگ کی دُنیا کا ایک جانا پہچانا چہرہ ہیں۔ لوگوں میں یہ غلط فہمی ہے کہ وہ مشہور اداکار خیام سرحدی کی بیٹی ہیں، حقیقت یہ ہے کہ خیام سرحدی، ژالے کے چچا تھے۔
ژالے کے والد کا نام بلال سرحدی تھا۔ اُن کے دادا ضیا سرحدی بھارت کے مشہور فلم پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور مصنف تھے، جبکہ ان کی دادی ظاہرہ سرحدی بھی مصنفہ تھیں۔
ظاہرہ کے والد رفیق غزنوی کا شمار بھی بالی ووڈ کے مقبول ترین موسیقاروں میں ہوتا تھا جو تقسیم ہند کے بعد نہ صرف پاکستانی فلموں میں موسیقی دیتے رہے بلکہ ریڈیو پاکستان، کراچی کے ساتھ بھی بطور میوزک ڈائریکٹر وابستہ رہے۔ ژالے کی ایک بہن ژائلہ سرحدی بھی اداکاری، میزبانی اور نیوزکاسٹنگ سے منسلک ہیں۔
یوں کہا جاسکتا ہے کہ ژالے کو فن کا ورثہ ان کے ننھیال اور ددھیال سے مشترکہ طور پر ملا۔ انہیں شوبزنس میں متعارف کروانے کا سہرا ان کے فیملی فرینڈ اداکار ساجد حسن کے سر جاتا ہے، جنہوں نے انہیں سب سے پہلے ایک سٹ کام ’پنٹرز‘ میں چھوٹا سا کردار دلایا۔ اس کے بعد ژالے نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور کامیابی کےجھنڈے گاڑتی چلی گئیں۔
وہ ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کرتے ہوئے بھی اتنی ہی پُرکشش لگتی ہیں، جتنی کسی ٹی وی کمرشل یا فیشن ریمپ پر ماڈلنگ کرتے ہوئے دکھائی دیتی ہیں۔ ژالے کو اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کا بھی شوق ہے اور اپنے اس شوق کی تسکین وہ گاہے گاہے مختلف ٹی وی شوز میں بطور مہمان یا میزبان کرتی دیکھی جاتی ہیں۔