آل مکران ٹرانسپورٹ یونین کی اپیل پر مکران ڈویژن میں مسافر کوچز اور مزدا ٹرکوں کی پہیہ جام ہڑتال چوتھے روز میں داخل ہوگئی ہے، ہڑتال سے مکران کا کراچی سے رابطہ منقطع ہونے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں
بلوچستان کے مکران ڈویژن کے شہر گوادر، تربت اور پنجگور میں بس اور مزدا ٹرکوں کے ڈرائیوروں کی پہیہ جام ہڑتال چوتھے روز بھی جاری ہے،ہڑتال کے باعث مکران کا کراچی سے رابطہ منقطع ہوگیا، گوادر، تربت اور پنجگور سے کراچی جانے والے مسافروں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مسافر کوچز کی بندش سے ایران جانے اور آنے والے زائرین کو بھی پریشانی کا سامنا ہے، مکران میں اشیا خورونوش کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ٹرانسپورٹ یونین نے کوسٹل ہائی وے اور آر سی ڈی شاہراہ پر چیک پوسٹوں پر ٹرانسپورٹرز کو تنگ کرنے کے خلاف ہڑتال کر رکھی ہے، آل مکران ٹرانسپورٹ یونین کی جانب سے آج سے حب کے مقام پر گاڑیاں روڈ پر کھڑی کرکے روڈ بلاک کرنے کا اعلان بھی کررکھا ہے۔