خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 23 دہشتگرد ہلاک کردیے جبکہ دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں 5 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 3 الگ الگ کارروائیوں میں 23 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔
مزید پڑھیں
شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے 26 مئی کو پشاور کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کیا جس میں 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، جبکہ اس دوران کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 27 مئی کو ضلع ٹانک میں آپریشن کے دوران 10 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے تیسری کارروائی ضلع خیبر میں کی جہاں فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 جوان شہید ہوگئے، جن کی شناخت نائیک محمد اشفاق بٹ، لانس نائیک سید دانش افکار، سپاہی تیمور ملک، سپاہی نادر صغیر اور محمد یاسین کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔