کراچی کے علاقے گلشن معمارافغانی کیمپ کے قریب مبینہ طور پر مضرصحت اشیا کھانے سے 11سال کا بچہ جاں بحق ہوگیا، والدین کے مطابق بچے نے ٹھیلے سے دال سیو (نمکو) کھائی اور پھر کولڈ ڈرنک پینے کے بعد طبعیت بگڑگئی جس پر پولیس نے ٹھیلے والے کو حراست میں لے لیا۔
مزید پڑھیں
گلشن معمارافغان بستی میں 11 سال کے شاہ محمد کی موت کا واقعہ پیش آیا، متوفی بچے کے استاد حمیداللہ کے مطابق شاہ محمد نے ٹھیلے والے سے سرکے کی بوتل پی جانے کی شرط لگائی، سرکہ پینے کے بعد کولڈ ڈرنک پی لی جس کے باعث بچے کی حالت خراب ہوئی۔
استاد کے مطابق ٹھیلے والے سے سرکہ پی جانے پر 100روپے کی شرط لگائی، شاہ محمد نے سرکے کی بوتل پینے کے بعد ٹھیلے والے سے شرط کے 100روپے لیے، شرط کے 100روپے لے کر بچہ دکان پرگیا اور کولڈ ڈرنک خرید کر پی لی۔
لڑکا گھر آیا تو اسے الٹیاں شروع ہوگئیں، بچے نے بتایا کہ اس نے سرکے کی بوتل اور پھرکولڈ ڈرنک پی لی ہے جس کے بعد شاہ محمد کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ انتقال کرگیا۔
پولیس نے ٹھیلے والے کو حراست میں لے لیا اور تفتیش شروع کر دی، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے والدین قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔