چین کے صدر شی جنگ پنگ نے کہا ہے کہ ان کا ملک اقوام متحدہ میں فلسطین کی مستقل رکنیت کی حمایت کرتا ہے، چین ایسی جامع امن کانفرنس کی حمایت کرتا ہے جس کے ذریعے اسرائیل اور فلسطینیوں کے تنازع کو حل کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں چائنا عرب کوآپریشن کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے چین کے صدر شی جنگ پنگ نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں ترقی کے کئی مواقع موجود ہیں، لیکن جنگ اس ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، اسرائیل، حماس جنگ زیادہ عرصہ جاری نہیں رہنی چاہیے اور عالمی برادری کو بھی انصاف ہمیشہ کے لیے غائب نہیں رہنا چاہیے۔
صدر شی جنگ پنگ نے کہا کہ ان کا ملک اقوامِ متحدہ میں فلسطین کی مستقل رکنیت کی حمایت کرتا ہے اور تنازع کے حل کے لیے ایسی امن کانفرنس بلانے کا بھی حامی ہے جس سے یہ مسئلہ حل کیا جاسکے۔
فلسطینیوں کی رفع سے جبری بے دخلی کو روکا جائے، مصری صدر عبدالفتاح السیسی
اس موقع پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ فلسطینی شہری غزہ سے نہیں نکالے جائیں گے۔ ’عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر غزہ میں امداد کی فراہمی اور اسرائیلی فورسز کے محاصرے کو ختم کیا جائے۔‘
مصری صدر نے مزید کہا کہ اسرائیل کو فلسطینی شہریوں کو جبری طور پر ان کی اپنی ہی سر زمین سے بے دخل کیے جانے سے بھی روکا جائے۔
یاد رہے کہ غزہ میں گزشتہ 8 ماہ سے اسرائیل، حماس جنگ کے دوران غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق 35 ہزار سے زیادہ فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔