سعودی عرب نے سعودی گرین انیشیٹو کے تحت ’نمّور‘ (Namoor )کا کردار متعارف کرایا ہے، جو ایک بہادر اور مہم جوئی سے بھرپور چھوٹا عربی چیتا ہے۔
مزید پڑھیں
یہ کردار مملکت کی خوبصورت اور متنوع قدرتی ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ اقدام سعودی گرین انیشیٹو کی مسلسل کوششوں کے حصے کے طور پر کیا گیا ہے تاکہ ماحولیات کے بارے میں آگاہی کو بڑھایا جا سکے اور مملکت کے نوجوانوں اور بچوں کو زیادہ پائیدار مستقبل کی تعمیر میں شرکت کی ترغیب دی جا سکے۔
نمور کا کردار ایک تعلیمی اور انٹرایکٹو ٹول ہے جو معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً بچوں کو ماحول کے تحفظ کی کوششوں میں اپنی شرکت بڑھانے کے مقصد کے تحت ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اس چھوٹے چیتے کا مقصد ایک ایسی بیدار نسل کی تربیت کرنا ہے جو ماحولیات کے مسائل کا وسیع فہم اور گہری معلومات رکھتی ہو اور مملکت کے متنوع حیاتیات کے تحفظ کی کوششوں میں حصہ لے سکے۔
اس کے علاوہ، نمّور کا کردار خاندانوں اور اساتذہ کو انٹرایکٹو وسائل فراہم کرتا ہے تاکہ بچوں کو پائیدار عادات اپنانے کی تعلیم دی جاسکے، جو مملکت کے قیمتی قدرتی ماحول اور وسائل کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
سعودی گرین انیشیٹو سعودی وزارت تعلیم کے تعاون سے مختلف مواصلاتی ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے نمّور کی شخصیت کو تعلیمی ماحول، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا میں اجاگر کرے گا۔
اس اقدام کا مقصد معاشرے میں تحفظ ماحولیات ست متعلق وسیع پیمانے پر اثر ڈالنا ہے۔ یہ اقدام مشترکہ کام اور مختلف اداروں اور افراد کی کوششوں کو متحد کرنے کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ اقدام گزشتہ سال کی کامیابیوں اور کارناموں کی تکمیل ہے، جہاں مملکت نے طائف شہر میں خطرے سے دوچار انواع کی افزائش اور تحفظ کے پروگرام کے تحت 7 عربی چیتے کے بچوں کی پیدائش کروائی۔
یہ پروگرام کی وجہ سے سعودی عرب کے قدرتی محفوظ علاقوں میں عربی چیتے کی تعداد کو دوگنا کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ، سعودی گرین انیشیٹو نے اپنے آغاز سے لے کر اب تک مملکت کے بڑھتے ہوئے قدرتی محفوظ علاقوں میں 1,660 سے زیادہ خطرے سے دوچار جانوروں، جیسا کہ ہرن اور پہاڑی بکروں، کو ان کے قدرتی ماحول میں دوبارہ بسایا۔