نودریافت سیارے میں خاص کیا ہے؟

جمعہ 7 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ماہرین فلکیات نے ایک ایسے سیارہ کھوج نکلا ہے، جو روئی کی طرح نرم و ملائم اور ہلکا پھلکا ہے۔ یہ نو دریافت سیارہ ٹھوس اجسام کے بجائے درحقیقت ہائیڈروجن اور ہیلیم سے بنا ہوا ہے، اور زمین سے 1200 نوری سال کے فاصلے پر موجود ہے۔

سائنسدانوں کا خیال ہے کہ اس سیارے کا مطالعہ کائنات کی تشکیل اور سیاروں کے ارتقا کو سمجھنے میں معاون ہوسکتا ہے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق نودریافت سیارہ روئی کے گالوں جیسا نرم و ملائم اور ہلکا پھلکا ہے۔

ویسے تو زیادہ تر سیارے ٹھوس اجسام سے بنے ہیں، لیکن ضروری نہیں کہ وہ مکمل طور پر ٹھوس ہوں۔ وہ گیسوں کا مجموعہ بھی ہو سکتے ہیں، جیسا کہ یہ نو دریافت سیارہ ہے۔

سیارہ کس کو کہتے ہیں؟

سیارہ آسمان پر گردش کرنے والے ایسے اجسام کو کہا جاتا ہے، جو عموماً اپنے شمسی نظام کے گرد چکر لگاتے ہیں، یہ سیارے ٹھوس بھی ہو سکتے ہیں اور صرف گیسوں پر مشتمل بھی ہوسکتے ہیں۔ جیسا کہ ہمارے نطام شمسی میں ایک ستارہ اور 8 سیارے ہیں۔ اس نظام کے ستارے کا نام سورج ہے اور اس کے گرد ہماری زمین سمیت 8 سیارے گھومتے ہیں۔

مشتری

نظام شمسی کے سیاروں میں سے ایک مشتری ہے۔ یہ دو گیسوں ہائیڈروجن اور ہیلیم سے بنا ہے۔ مشتری پر مائع ہائیڈورجن ایک بہت بڑے سمندر کی شکل میں موجود ہے۔

مشتری کے علاوہ 3 اور سیارے بھی گیسوں سے بنے ہیں جن کے نام زحل، یورینس اور نیپچون ہیں۔ فرق یہ ہے کہ ان سیاروں میں زیادہ تر آبی بخارات ہیں اور وہ منجمد حالت میں ہیں۔

ماہرین فلکیات کے مطابق اس سیارے کی کثافت انتہائی کم ہے اور وہ ہلکی گیسوں سے بنا ہے، جب کہ ہمارے نظام شمسی کے گیسوں سے بنے سیاروں، مشتری، زحل، یورنیس اور نیپچوں اس کی نسنت کثیف ہیں۔

سیارہ کا نام

ماہرین فلکیات نے زمین سے 1200 نوری سال کے فاصلے پر موجود اس نو دریافت سیارے کو ڈبلیو اے ایس پی۔193 بی کا نام دیا ہے۔

نوری سال کیا ہے؟

کائنات میں فاصلوں کو ناپنے کا پیمانہ نوری سال ہے۔ ایک نوری سال اس فاصلے کو کہتے ہیں جسے روشنی کی لہر ایک سال میں طے کرتی ہے۔ یہ تو آپ کو معلوم ہو گا ہی کہ روشنی کی لہر ایک سیکنڈ میں ایک لاکھ 86 ہزار میل کا سفر طے کرتی ہے۔ اگر اسے ایک سال پر پھیلا دیا جائے تو یہ فاصلہ 5.8 ٹریلین میل بنتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp