لاہور میں حکومتی سطح پر پہلا ڈیجیٹل ڈرائیونگ سینٹر ،جہاں پر سمولیٹر کے ذریعے صرف خواتین کو ڈرائیونگ سکھائی جاتی ہے۔ کار نما سمولیٹر پر خواتین باآسانی ڈرائیونگ سیکھ رہی ہیں۔گاڑی کو سڑک کو کس طرح چلانا ہے اور کون سا اشارہ کب استعمال کرنا ہے، یہ سب کچھ اس جدید سمولیٹر کی مدد سے خواتین کو بتایا جاتا ہے۔
آبشار سمولیٹر سینٹر کی انچارج انسپکٹر صائمہ کا کہنا ہے کہ آبشار سینٹر میں تین ہفتوں کے اندر ڈرائیونگ سکھائی جاتی ہے جس کی فیس دس ہزار روپے ہے۔ خواتین اے سی میں بیٹھ کر ڈرائیونگ سیکھتی ہیں۔ اس سینٹر میں دو سمولیٹر اور تین گاڑیاں موجود ہیں جہاں داخلہ لینے والی خواتین کو ٹریفک پولیس کی ماہر خواتین انسٹرکٹرز تربیت دیتی ہیں۔
خواتین کو گاڑی سے متعلق ضروری معلومات اور ایمرجنسی میں وہیل تبدیل کرنے کا طریقہ بھی بتایا جاتا ہے۔ انہیں پیٹرول، موبل آئل اور پانی پورا رکھنے کے بارے میں بھی آگاہی دی جاتی ہے۔ اب تک دو سو پچاس کے قریب خواتین یہاں سے ڈرائیونگ سیکھ چکی ہیں۔ یہ سینٹر صبح آٹھ بجے سے رات آٹھ بجے تک کھلا رہتا ہے۔