گلگت بلتستان کی قدیم و جدید تاریخ ، کھیل، ثقافت اور آثار قدیمہ کو محفوظ بنانے کے لیے جی بی ہسٹری میوزیم قائم کردیا گیا ہے، جہاں نیشنل اور انٹرنیشنل سیاحوں سمیت مقامی افراد کو گلگت بلتستان سے متعلق اہم معلومات میسر ہوں گی۔
مزید پڑھیں
گلگت بلتستان کی وادیوں میں انسانوں کی آمد ہزاروں سال پہلے ہوئی، یہاں سے گزرنے والے مسافروں اور آباد ہونے والوں نے اپنے ایسے آثار چھوڑے جو آج بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔
گلگت میں قائم جی بی ہسٹری میوزیم میں علاقے کی ہزاروں سال پرانی تاریخ ، آثار قدیمہ، نوادرات اور کھیل و ثقافت کے ساتھ ساتھ قدیم تہذیب کو ایک چھت تلے جمع کیا گیا ہے۔
لوگ یہاں سے معلومات کا خزانہ لے کر جاسکتے ہیں
لیفٹیننٹ کرنل صلاح الدین کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کی تاریخ کے حوالے سے گلگت میں میوزیم کا ہونا بہت ضروری تھا، اس میوزیم سے سیاحوں کو گلگت بلتستان کے رسم و رواج، طور طریقے اور تاریخ ایک ہی چھت تلے ملے گی، جو ایک بہترین کاوش ہے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے لیے آج کا دن تاریخی ہے، ایک ہی چھت تلے 10 اضلاع کی ثقافت، رسم و رواج، لوگوں کا رہن سہن قبل مسیح سے آج تک دکھایا گیا ہے، جو ہمارا اثاثہ ہے۔
’سیاحتی مقامات کے حوالے سے تاریخ سے آگاہی کے لیے لوگ یہاں سے معلومات کا خزانہ لے کر جاسکتے ہیں۔‘
گلگت بلتستان کے تاریخی میوزیم میں گلگت بلتستان کے 10 اضلاع کے سیاحتی مقامات، قدیم آثار اور مقامی ثقافت اور اہم شخصیات کا تعارف بھی پیش کیا گیا ہے، جو ایک طرف یہاں آنے والے سیاحوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہے تو دوسری طرف مقامی افراد بھی خطے کی قدیم و جدید تاریخ سے آگاہی حاصل کررہے ہیں۔
میوزیم میں گلگت بلتستان میں پائی جانے والی جنگلی حیات کے مجسمے بھی رکھے گئے ہیں۔