معروف بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کے والد شترو گھن سنہا نے اپنی بیٹی کی مسلمان لڑکے سے شادی پر خاندان کی ناراضی سے متعلق تمام خبروں کو محض افواہیں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی پیاری بیٹی کی نا صرف شادی میں بھرپور شرکت کریں گے بلکہ اسے دعائیں بھی دیں گے۔
مزید پڑھیں
اس سے قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ سوناکشی سنہا کی مسلمان دوست سے شادی کے اعلان پر ان کا اپنا خاندان ان سے نالاں ہے اور اس کے والدین اس کی شادی میں شرکت نہیں کریں گے۔
تاہم بھارتی میڈیا کی ان خبروں کے بعد سوناکشی سنہا کے والد شتروگھن سنہا کا ردعمل سامنے آ گیا ہے اور انہوں نے ان خبروں کو افوائیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اکلوتی بیٹی کے فیصلے سے مکمل اتفاق کرتے ہیں اور نہ صرف اس کی شادی میں شرکت کریں گے بلکہ اسے بھرپور دعاؤں کے ساتھ رخصت کریں گے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں شتروگھن سنہا نے کہا کہ سوناکشی سنہا ان کی اکلوتی بیٹی ہے اور وہ اس سے بے حد پیار کرتے ہیں، انہیں اپنی بیٹی پر فخر ہے،انہوں نے تصدیق کی کہ ان کی اپنی بیٹی کے فیصلے پر کوئی ناراضی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ میری بیٹی کی زندگی ہے، جس پر ہمیں بہت فخر ہے آخر کار ہمیں اپنی بیٹی کی شادی میں شرکت کیوں نہیں کرنی چاہیے؟ ہم اس کی شادی میں بھرپور شرکت کریں گے۔
لیجنڈ بھارتی اداکار نے مزید کہا کہ انہیں اپنی بیٹی کے انتخاب پر فخر ہے اور امید ہے کہ سوناکشی اور ان کے ہونے والے شوہر ظہیر کی جوڑی اچھی ثابت ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں شتروگھن سنہا نے کہا کہ میں نے بیٹی کی شادی کے حوالے سے کسی سے کوئی بات نہیں کی کیوںکہ آج کل کے بچے شادی کے لیے ماں باپ سے رضامندی نہیں لیتے صرف آگاہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری بیٹی مجھے طاقت کا ستون کہتی ہے۔ میں شادی میں ضرور شرکت کروں گا۔ مجھے کیوں نہیں شامل ہونا چاہیے اور میں کیوں نہیں جاؤں گا؟’
شتروگھن سنہا کا مزید کہنا تھا کہ سوناکشی کی خوشی ان کے لیے سب سے پہلے ہے۔ وہ بھی اپنے والد کے بارے میں ایسا ہی محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی بیٹی کو اپنے ساتھی کا انتخاب کرنے اور اپنی مرضی کے مطابق اپنی شادی کی منصوبہ بندی کرنے کا پورا حق ہے۔ انہوں نے کہا سوناکشی اور ظہیر کو ایک ساتھ زندگی گزارنی ہے۔ وہ ایک ساتھ بہت اچھے لگتے ہیں۔’ انہوں نے جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ چند ہفتے قبل سوناکشی سنہا نے اپنے دوست ظہیر اقبال سے شادی کا باقاعدہ اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ دونوں 23 جون کو ممبئی میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
شادی کے اعلان کے بعد بھارتی میڈیا پر یہ افواہیں گردش کرنے لگی تھیں کہ سوناکشی کا خاندان ظہیر اقبال سے ان کی شادی پر نالاں ہے اور وہ سوناکشی کے اس اعلان سے نا خوش ہے۔