سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے عبدالرزاق نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان نے 18.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان ہدف حاصل کرلیا اور پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ کا فاتح بن گیا۔ شاہد آفریدی 54 رنز اسکور کرکے مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔
یہ لمحات آپ کو بھی یقیناً یاد ہوں جب آج ہی کے دن 15 برس قبل 21 جون 2009 کو ہوم آف کرکٹ لارڈز گراؤنڈ میں پاکستان نے سری لنکا کو بآسانی شکست دے کر ٹی20 ورلڈ کا دوسرا ایڈیشن اپنے نام کیا تھا، واضح رہے کہ پاکستان 2007 میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 ایڈیشن کا رنر اَپ بھی تھا۔
انگلینڈ میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے ایڈیشن میں 12 ٹیمیں شامل تھیں۔ 10 ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک میں سے 9 اور 3 ایسوسی ایٹ ممالک، جنہوں نے ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ فائنل میچ اتوار 21 جون کو لارڈز میں ہوا، جس میں پاکستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
مزید پڑھیں
پاکستان نے اپنا پہلا میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز ہی بناسکی۔ یونس خان نے 46 رنز اسکور کیے جبکہ محمد عامر نے ٹی20 ڈیبیو کیا تھا۔
پاکستان نے دوسرا میچ نیدرلینڈ کے خلاف کھیلا اور ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز اسکور کیے۔ کامران اکمل نے 41 رنز بنائے۔ نیدرلینڈ کی ٹیم 17.3 اوورز میں 93 پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ کامران اکمل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔
پاکستان نے تیسرا میچ سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز اسکور کیے۔ پاکستانی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز ہی بنا سکی۔ یونس خان نے سب سے زیادہ 50 رنز اسکور کیے تھے۔
پاکستان نے چوتھا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 18.3 اوورز پر 99 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ عمر گل نے 5 وکٹیں حاصل کیں اور وہ ٹی20 کرکٹ میں ایک ہی میچ میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے کھلاڑی بنے تھے۔ پاکستان نے 13.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ مین آف دی میچ کے حق دار عمر گل قرار پائے تھے۔
گرین شرٹس نے 5واں میچ آئرلینڈ کے خلاف کھیلا اور ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 5 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز اسکور کیے۔ کامران اکمل نے 57 رنز اسکور کیے۔ آئرلینڈ کی 9 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز ہی بناسکی۔ سعید اجمل نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ کامران اکمل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
پاکستان نے سیمی فائنل جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا اور ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز اسکور کیے۔ شاہد آفریدی نے 51 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز ہی بناسکی اور یوں گریش شرٹس مسلسل دوسری بار فائنل میں پہنچیں۔ شاہد آفریدی کو مردِ میدان قرار دیا گیا تھا۔
2009 کے ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل میچ 21 جون 2009 کو لارڈ کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا گیا تھا۔ سری لنکا کو باآسانی شکست دے کر پاکستان، یونس خان کی کپتانی میں ٹی20 ورلڈ کپ کا فاتح بن گیا تھا۔