امریکی بزنس مین اور میڈٰیا پروپرائٹر روپرٹ مرڈوک کی فاکس پروڈکشن نے برطانیہ کی ویڈیو اسٹریمنگ مارکیٹ میں اینٹری دینے کا فیصلہ کرلیا۔
فاکس کارپوریشن کے ایک مفت اور اشتہار سے تعاون یافتہ پلیٹ فارم ٹوبی امریکا میں تیزی سے مارکیٹ شیئر حاصل کر رہا ہے جہاں اس کے مطابق اس کے تقریباً 80 ملین ماہانہ فعال صارفین ہیں۔
ٹوبی کا کہنا ہے کہ وہ ڈزنی، لائنس گیٹ، این بی سی یونیورسل اور سونی پکچرز انٹرٹینمنٹ کے مواد سمیت 20,000 سے زیادہ فلمیں اور ٹی وی سیریز پیش کرے گا۔
اس پلیٹ فارم میں برطانوی، ہندوستانی اور نائجیرین مواد کا انتخاب بھی شامل ہوگا۔
برطانیہ کے ناظرین ٹوبی ویب پیج پر اور اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے مواد تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
ٹوبی کی چیف ایگزیکٹیو انجلی سود نے کہا ہے کہ ان کے پلیٹ فارم نے شمالی امریکا میں وسیع، مفت اور تفریحی اسٹریمنگ میں ایک دہائی گزاری ہے اور اب اسے برطانیہ کے سامعین لانے کا یہ بہترین وقت ہے۔
امریکی میڈیا کے ایک بڑے نام فاکس کارپوریشن نے سنہ 2020 میں ٹوبی کو 440 ملین ڈالر میں خریدا تھا جس کا مقصد نوجوان سامعین کو اپنی طرف متوجہ کرنا تھا۔
حالیہ برسوں میں نیٹ فلکس، امیزون پرائم ویڈیو اور ڈزنی جیسی اسٹریمنگ کمپنیوں نے اپنے محصولات بڑھانے کے لیے اشتہارات سے تعاون یافتہ خدمات شروع کی ہیں اور سبسکرپشن کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب انہیں مواد کی اپنی لائبریریوں کو بڑھانے کے لیے زیادہ رقم خرچ کرنے کے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ وہ تیزی سے مسابقتی مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ صارفین کو راغب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
مارچ میں روپرٹ مرڈوک کے ٹاک ٹی وی نیٹ ورک نے اعلان کیا تھا کہ وہ آن لائن سروس بن چکا ہے اس لیے زمینی ٹیلی ویژن چینل کے طور پر نشریات بند کر دے گا۔ یہ نیٹ ورک سنہ 2022 میں لانچ ہوا۔
روپرٹ مرڈوک نے امید ظاہر کی تھی کہ نیٹ ورک براڈکاسٹنگ اسٹیبلشمنٹ کو ہلا کر رکھ دے گا۔
میڈیا ٹائیکون نے سنہ 1984 میں اسکائی کو شروع کرکے برطانیہ کی نشریاتی صنعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
کچھ تبصرہ نگاروں نے ٹاک ٹی وی کو روپرٹ مرڈوک کی جانب سے اسکائی کے ساتھ اپنی کامیابی کو دوبارہ تخلیق کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا۔
روپرٹ مرڈوک کے ٹوئنٹی فرسٹ سینچری فاکس نے سنہ 2018 میں اسکائی میں اپنے 39 فیصد حصص این بی سی یونیورسل کے کومکاسٹ کو فروخت کردیے تھے۔