معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے تیسرے بچے کی پیدائش کے بعد پوسٹ پارٹم ڈپریشن سے گزرنے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ڈپریشن کی وجہ سے وہ اپنی ہی نومولود بیٹی کو مارنا چاہتی تھیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ پیدائش کے 4 دن بعد انہوں نے بیٹی کو دیکھا جو دودھ کے لیے تڑپ رہی تھی اور اس وقت وہ خود بھی کئی مسائل کا شکار تھیں اس لیے انہوں نے سوچا کہ وہ بیٹی کو نیچے گرا دیتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے خیالات آنے پر وہ زار و قطار رو پڑیں اور اپنے شوہر فہد مرزا سے بات کی کہ وہ اپنی بیٹی کو مار دینا چاہتی ہیں۔
View this post on Instagram
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر نے انہیں بتایا کہ وہ پوسٹ پارٹم ڈپریشن سے گزر رہی ہیں، بچے کی پیدائش کے بعد ایسے خیالات آنا معمول کی بات ہے اور یہ ان کے مستقل جذبات نہیں بلکہ وہ صرف وقتی طور پر ایسا سوچ رہی ہیں۔
پوسٹ پارٹم ڈپریشن کیا ہے؟
بچے کی پیدائش کے بعد اکثر اوقات خواتین میں اداسی، اضطراب اور پریشانی جیسے شدید احساسات پیدا ہوجاتے ہیں جو بچے کی پیدائش کے بعد طویل عرصے تک رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ثروت گیلانی نے اداکار اور نامور پلاسٹک سرجن فہد مرزا سے 2014 میں شادی کی تھی، جوڑے کے 2 بیٹے ہیں، پہلے بیٹے روحان مرزا کی پیدائش 2015 اور دوسرے بیٹےعریز محمد مرزا 2017 میں پیدا ہوئے تھے۔ اداکارہ کے ہاں دسمبر 2023 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔