ڈپٹی کمشنر کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو ترنول میں جلسہ کرنے سے روک دیا گیا، پہلے جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی، تاہم، متعلقہ شہری کی شکایت اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اجازت نامہ منسوخ کردیا گیا۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ انتظامیہ نے این و سی منسوخ کی ہے، لیکن جلسہ ہوگا اور ضرور ہوگا۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کا جلسہ ہر صورت ہوگا، کسی بھی صورت جلسہ کینسل نہیں ہوگا۔ عدالتی حکم کے بعد دی گئی این او سی ختم کی گئی، ڈر کے مارے یہ سب کر رہے ہیں، فارم 47 کی حکومت کو خوف ہے اور وہی یہ سب کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جلسہ کریں گے، ہم فیلڈ کے لوگ ہیں ہمیں جلسہ کرنا آتا ہے۔ مانسہرہ کے جلسے سے آرہا ہوں معلوم ہوا این او سی کینسل کی گئی ہے۔ ہم تیاریاں کر رہے ہیں جلسے کے لیے ورکر جمع ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف کو پشاور روڈ ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت دی گئی تھی، لیکن چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدرات محرم الحرام اور دیگر سیکیورٹی خدشات کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیےاعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکیورٹی اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی جبکہ سیاسی جماعت کا کوئی بھی نمائندہ دعوت کے باوجود اجلاس میں شریک نہیں ہوا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہ دینے پر سندھ ہائیکورٹ کا حکومتی رپورٹ پر عدم اطیمنان
اجلاس میں جلسے سے متعلق درخواستوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور ڈپٹی کمشنر کی طرف سے دی جانے والی اجازت کا موجودہ سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں از سر نو جائزہ لیا گیا۔
ایک شہری نے ڈپٹٰی کمشنر کو جلسے سے متعلق درخواست دی کہ جس جگہ جلسہ کیا جارہا ہے وہ انکی ذاتی جگہ ہے، آس پاس گھر ہونے کے باعث جلسے کی اجازت نہ دی جائے۔ گھروں میں بزرگ رہتے ہیں جوکہ بیمار ہیں ان کے آرام میں خلل پڑتا ہے۔
شہری نے لکھا کہ بزرگوں کو علاج معالجے کے لیے اسپتال لے جانا ہوتا ہے، جلسے کی وجہ سے آمد و رفت متاثر اور مریضوں کو پریشانی ہوگی۔ سب سے بڑھ کر محرم الحرام کے احترام میں شہریوں کے حقوق سلب ہونے سے بچایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ضلعی انتظامیہ لاہور نے ن لیگ کو کن شرائط پر جلسے کی اجازت دی؟
دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے 6 جولائی کو سیاسی پارٹی کے جلسے کا اجازت نامہ منسوخ کردیا ہے، اجازت نامہ کے بغیر کسی جلسے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان کے مطابق قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، اسلام آباد پولیس شہر میں ہر صورت امن و امان کے قیام کو یقینی بنائے گی۔