پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہ دینے پر سندھ ہائیکورٹ کا حکومتی رپورٹ پر عدم اطیمنان

جمعہ 26 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کیا پاکستان تحریک انصاف کراچی میں جلسہ کر پائے گی؟ یہ ایسا سوال ہے کہ جس کا جواب خود ڈھونڈنے عدالت پہنچی ہے لیکن عدالت سے بھی اگلی تاریخ جلسے کی مقررہ تاریخ یعنی 6 مئی کی ملی ہے اور جلسہ کرنا تھا 28 اپریل کو لیکن آج کی سماعت میں عدالت بھی حکومتی رپورٹ سے مطمئن نظر نہیں آئی، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ رپورٹ دیکھ کر مزہ نہیں آیا۔

چیف جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل سندھ ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ کے روبرو تحریک انصاف کی 28 اپریل کو باغ جناح میں جلسہ کرنے کے حوالے سے اجازت کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے تحریک انصاف کی درخواست کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے سوال کیا کہ کیا آپ نے جلسہ کرنے کی اجازت دے دی، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ راؤ سیف اللہ نے جواب دیا کہ دہشتگردی کے خطرات ہیں ایس ایس پی ایسٹ کی رپورٹ بھی آئی  ہے، ملیر میں ایک دھماکا بھی ہو چکا ہےاور مزید خطرات بھی ہیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا یہ 9 مئی کا واقعہ دوبارہ کر دیں گے؟ آپ کی رپورٹ دیکھ کر مزہ نہیں آیا، یہ معاملات کب تک بہتر ہو جائیں گے اور آپ انہیں جلسے کی اجازت دیں گے؟ جس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ ایک مہینہ کا وقت بتایا جا رہا ہے۔

حال ہی میں کراچی میں ایک سیاسی جلسہ کے انعقاد کے ضمن میں عدالتی استفسار پر وکیل تحریک انصاف بیرسٹر علی طاہرنے جواب دیا کہ دو روز پہلے مرکزی مسلم لیگ نے شاہراہ قائدین پر جلسہ کیا ہے، ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے اس پر عدالت کو بتایا کہ انہوں نے تو کسی کو جلسہ کرنےکی اجازت نہیں دی۔

چیف جسٹس عقیل عباسی بولے؛ ان کو بھی بغیر اجازت جلسہ کرنے دیں ،اللہ جانے یہ جانیں،آپ اپنےدفاتر میں بیٹھیں رہیں، انہوں نے دریافت کیا کہ بلا اجازت جلسہ کرنے پر آپ نے کیا کارروائی کی، کیا ڈنڈے برسائے، کیا رینجرز کا استعمال کیا، اپنے بڑوں سے بات کریں۔

’اتنا ظلم نہ کریں، ہم آپ کا حصہ نہیں بن سکتے، اجازت نہ دینے کی کوئی معقول وجہ بتائیں تو ہم آپ کا ساتھ دیں، یہ نہ ہو کہ کل آپ معاملات کو سنبھال نہ سکیں۔‘

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ بھی احتیاط کریں، یہ نہ ہو کہ کوئی واقعہ ہو جائے تو یہ آپ کے کھاتے میں ڈال دیں گے۔ ’ہم آپ کے حق میں آرڈر بھی کر دیں تو کل آپ کےلیے نیا مسئلہ بن جائے گا،آپ بھی ضد نہ کریں اور ایک ہفتہ مزید دیکھ لیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp