اسرائیلی فورسز کی جانب سے رفح شہر پر گزشتہ 24 گھنٹوں سے مسلسل بمباری جاری ہے، اسرائیل کی قید سے رہا ہونے والے فلسطینی شہری اسرائیلی فورسز کا ہدف ہیں، نصیرات کیمپ پراسرائیل کے تازہ حملوں میں 16 فلسطینی لقمہ اجل بن گئے، جبکہ 75 زخمی ہوگئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فورسز کی رفح پر مسلسل بمباری سے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران رفح کے اسپتالوں میں کم از کم 87 فلسطینی شہری شہید ہوگئے ہیں۔
نصیرات کیمپ پر اسرائیلی فوج کی بمباری، 4 مقامی صحافیوں سمیت 10 افراد شہید
گزشتہ روز وسطی غزہ کی پٹی میں نُصیرات پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر فضائی حملے میں 3 مقامی صحافیوں سمیت 10 افراد شہید ہوگئے، حماس کے میڈیا دفتر کے مطابق ایک چوتھا صحافی پٹی کے شمال میں غزہ شہر میں شہید ہوا۔
نُصیرات کیمپ میں رہائشی پزیر محمد ابو مراحیل نے کہا ’ ہم اپنے گھروں میں سورہے تھے کہ اچانک حملہ ہوا اور سارا ملبہ ہمارے اوپر گر گیا۔‘
یاد رہے شمال سے پیش قدمی کے بعد 7 مئی کو اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے انتہائی جنوب میں واقع رفح شہر میں زمینی کارروائی شروع کی جسے جنگ کے آخری مرحلے کے طور پر پیش کیا گیا۔
اسرائیل حماس جنگ، جاں بحق اور زخمی ہونے والے فلسطینیوں شہریوں کی تعداد
تاہم حالیہ ہفتوں میں حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان کئی علاقوں میں دوبارہ جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں، جن پر فوج نے پہلے کنٹرول کا اعلان کیا تھا خاص طور پر شمالی غزہ کی پٹی میں، غزہ شہرکے مشرق میں واقع شجاعیہ محلے پر صہیونی فوج نے 27 جون کو زمینی کارروائی شروع کی تھی، غزہ میں اسرائیلی کی تازہ کارروائیوں میں 9 فلسطینی شہری شہید ہوگئے ہیں جبکہ شجاعیہ میں بھی شہادتوں کا خدشہ ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ شجاعیہ میں حماس کے جنگجوؤں کو لڑائی کے دوران ختم کر دیا گیا ہے،سرنگوں سمیت ہتھیاروں اور انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 7 اکتوبر کے بعد غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان شروع ہونے والی جنگ میں اب تک اب تک 38 ہزار 100 فلسطینی شہری شہید ہوچکے ہیں، جبکہ 87 ہزار 705 فلسطینی شہری زخمی ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔