بھارتی ٹیم کے کوچ گوتم گمبھیر کو کتنی تنخواہ اور مراعات ملیں گی؟

بدھ 10 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز بیٹر گوتم گمبھیر کو بھارتی مینز کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ گوتم گمبھیر کی تنخواہ اور مراعات راہول ڈریوڈ سے کئی زیادہ ہوں گی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے نئے ہیڈ کوچ گوتم گھمبھیر کو ان کی تنخواہ اور دیگر مراعات اور فوائد دینے کی ضمانت بھی دے دی ہے۔ سابق بھارتی بلے باز گوتم گمبھیر سابق ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کی جگہ لے رہے ہیں، ادھر کئی میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ گوتم گمبھیر کے ہیڈ کوچ تعینات ہونے کی ابھی تک باضابطہ تصدیق کا انتظار ہے۔

تاہم سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ڈاٹ کام‘ پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری پوسٹ میں یہ اعلان کر دیا گیا ہے کہ سابق بلے باز گوتم گمبھیر کو بھارتی مینز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ تنخواہ پر بات چیت کی وجہ سے بی سی سی آئی گمبھیر کو ہیڈ کوچ کے طور پر تعینات کرنے کی باضابطہ طور پر تصدیق کرنے میں تاخیر کر رہا ہے۔ گوتم گمبھیر کے پیش رو ڈریوڈ کو سالانہ 12 کروڑ روپے تنخواہ مل رہی تھی لیکن توقع کی جا رہی ہے کہ گوتم گمبھیر کو اس سے کئی زیادہ تنخواہ ملے گی۔

ہیڈ کوچ کی تنخواہ کے علاوہ مراعات

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ بات قابل ذکر ہے کہ سالانہ تنخواہ ہی بھارت کے ہیڈ کوچ کی مراعات میں شامل نہیں ہے۔ 2019 میں بورڈ نے اپنی یومیہ الاؤنس پالیسی پر نظر ثانی کی تھی جس کے تحت کوچ بیرون ملک دورے پر 250 ڈالر (تقریبا 21 ہزار روپے) یومیہ الاؤنس کا بھی حقدار ہو گا۔

بھارتی بورڈ کے اعلان کے مطابق یومیہ الاؤنس، بزنس کلاس کے سفر ، رہائش اور کپڑوں کی صفائی تک کے اخراجات بی سی سی آئی ادا کرتا ہے۔ گوتم گمبھیر کو ڈیوٹی کے دوران عالمی معیار کے سفر کی سہولت اور بہترین اور پرسکون ماحول میں رہائش بھی ملے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp