پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے کارگو چارجز میں 100 فیصد تک اضافہ کر دیا، فوری نفاذ

بدھ 2 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر ایئرکارگو کے چارجز میں نمایاں اضافہ کردیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نئے نرخ یکم جولائی 2025 سے فوری طور پر نافذ العمل ہو گئے ہیں۔

ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پان کے پتوں، پالتو پرندوں، بلی، کتے اور دیگر جنرل کارگو کے نرخوں میں 25 فیصد سے لے کر 100 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔

پالتو پرندے مہنگے، چارجز میں 50 فیصد اضافہ

نوٹیفکیشن کے مطابق پالتو پرندوں کو پرواز میں لے جانے کے چارجز 200 روپے فی کلو سے بڑھا کر 300 روپے فی کلو کر دیے گئے ہیں، یعنی 50 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح، بلی اور کتے جیسے دیگر پالتو جانوروں پر بھی نئی شرحیں لاگو ہوں گی، جن کی تفصیلات الگ جاری کی جا رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے 25 منزلہ ہیڈکوارٹر کی منظوری

پان کے پتوں پر 100 فیصد اضافہ

ایئرپورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ پان کے پتوں پر کارگو چارجز میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ سابقہ ریٹ 35 روپے فی کلو تھا، جسے اب 70 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا ہے۔ پاکستان سے بیرونِ ملک پان کے پتوں کی ترسیل خاصی عام ہے اور اس فیصلے کا براہِ راست اثر برآمد کنندگان پر پڑے گا۔

جنرل کارگو بھی مہنگا، 25 فیصد اضافہ

عام تجارتی سامان (جنرل کارگو) کی ترسیل پر بھی چارجز بڑھا دیے گئے ہیں۔ نئے نرخ 125 روپے فی کلو مقرر کیے گئے ہیں، جو سابقہ شرح سے 25 فیصد زیادہ ہیں۔

5 سال بعد چارجز میں اضافہ کیا گیا: اتھارٹی

ایئرپورٹ اتھارٹی کے حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ اضافہ 5 سال بعد کیا گیا ہے اور اسے ایگزیکٹو کمیٹی کی منظوری کے بعد نافذ کیا گیا ہے۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کارگو سروسز کی بہتر سہولت کاری اور بڑھتی ہوئی لاگت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے، اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو پیشگی اطلاع دے دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp