وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہواوے کی مدد سے سالانہ 3 لاکھ پاکستانی طلبا و طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پیشہ وارانہ تربیت سے ملک کی آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی۔ وزیراعظم کے مطابق خودکار، جدید و تیز تر گورننس کے نظام کے نفاذ کے لئے حکومتی اداروں کی ڈیجیٹائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ہواوے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایتھن سن کی قیادت میں چار رکنی وفد نے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں:آئی ٹی میں 3 لاکھ، زراعت میں ایک ہزار نوجوان تربیت کے لیے چین بھیجے جائیں گے، وزیراعظم
ہواوے ہیڈکوارٹر کا دورہ انتہائی مفید رہا
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ دورہ چین میں ہواوے ہیڈکوارٹر کا دورہ انتہائی مفید رہا، ہواوے سے مختلف شعبوں میں بالخصوص نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید تربیت فراہم کرنے کے لیے اشتراک سب سے اہم ہے، ہواوے کی مدد سے سالانہ 3 لاکھ پاکستانی طلبا و طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پیشہ ورانہ تربیت سے ملک کی آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی۔
ڈیجیٹل اکانومی میں پائیدار اشتراک
انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف خواتین بلکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر اس تربیتی پروگرام کا حصہ بنائے گی، حکومت ہواوے کے ساتھ پاکستان کی ڈیجیٹل اکانومی میں پائیدار اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

ڈیجیٹائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں باصلاحیت افرادی قوت کی مضبوط بنیاد قائم کرنے سے ہی ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ دیا جا سکتا ہے، خودکار، جدید و تیز تر گورننس کے نظام کے نفاذ کے لئے حکومتی اداروں کی ڈیجیٹائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈیجیٹل پاکستان پروگرام
وفد نے وزیراعظم کو پاکستان اور ہواوے کے مابین ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے لیے تعاون کے معاہدے کے تحت جاری منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ٹی کی تربیت کے لئے جدید طرز کا میسیو اوپن آن لائن کورسز سسٹم تیار کیا جا چکا ہے جسے صوبائی حکومتوں تعاون سے نافذ کیا جائے گا۔
قومی کلاؤڈ اسٹریٹجی
وفد نے پاکستان کی قومی کلاؤڈ اسٹریٹجی سے ہم آہنگ نیشنل ڈیٹا سینٹر بنانے کے لیے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ نیشنل ڈیٹا سینٹر کے قیام سے بہتر کلاؤڈ سروسز کی فراہمی یقینی ہو جائے گی اور کثیر زر مبادلہ بچایا جا سکے گا۔
ہواوے حکومت پاکستان کے ساتھ شراکت داری کا خواہاں
وفد نے بتایا کہ اسلام آباد کو اسمارٹ سٹی بنانے کے لیے ہواوے حکومت پاکستان کے ساتھ شراکت داری کا خواہاں ہے، اسلام آباد سمارٹ سٹی منصوبے کے تحت ٹریفک، صحت اور تعلیم کی خدمات سے لے کر پارکنگ وغیرہ جیسے دیگر سہولیات ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر میسر ہوں گی۔