وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں 3 لاکھ اور جدید زراعت میں ایک ہزار نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت کے لیے چین بھیجا جائے گا اور اس حوالے سے خواتین و دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: چین نے ٹیکنالوجی کے فروغ کا منصوبہ پیش کر دیا، پاکستان کی وزیر مملکت برائے آئی ٹی بیجنگ روانہ
عالمی یوم ہنر برائے نوجواناں کے موقعے پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہمارے باصلاحیت نوجوان ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو روشن کرنے کے لیے نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ قومیں اپنے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں سرمایہ کاری کرتی ہیں اور حکومت اپنے نوجوانوں کو جدید تعلیم، یکساں ترقی کے مواقع کے ساتھ ساتھ دنیا سے مقابلہ کرنے کے لیے جدید پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کے لیے جدید ہنر و پیشہ ورانہ تعلیم میں سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہے اور نوجوانوں کو ہر شعبہ زندگی میں ترقی اور باوقار روزگار کے لیے جدید ہنر و پیشہ ورانہ تربیت یقینی بنائیں گے۔؎
مزید پڑھیے: انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں ایس آئی ایف سی کا کیا کردار ہے؟
وزیر اعظم نے کہا کہ قومی سطح پر بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تربیتی پروگرامز جاری ہیں جہاں سے فارغ التحصیل لاکھوں طلبا پاکستان اور پاکستان سے باہر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیوٹیک کے تحت اداروں کی اصلاحات کے عمل کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے اور نیوٹیک اور اس کے شراکتی اداروں کے ساتھ مل کر حکومت ہزاروں نوجوانوں کو مارکیٹ ایبل ہنر و پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: چین کتنے لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی تربیت دے گا؟ وزیر اطلاعات کی دورہ چین سے متعلق پریس کانفرنس
شہباز شریف نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو ہر شعبہ زندگی میں ترقی اور باوقار روزگار کے لیے جدید ہنر و پیشہ ورانہ تربیت یقینی بنائیں گے۔