پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جارہا، ترقی کرتا ہوا ملک گڑھے میں گرا دیا گیا، فیصلے دینے والوں کو اب بھی سوچنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ساتھ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ ہم نے آئی ایم ایف کو واپس بھیج دیاتھا، بعد میں ان کو کون واپس لایا، سب کو معلوم ہے۔
یہ بھی پڑھیں 7 سال قبل جن مسائل پر قابو پالیا تھا پھر سنگین ہوچکے، اب وقت درکار ہوگا، نواز شریف
نواز شریف نے کہاکہ بجلی کا بل غریب کے لیے ہی نہیں ہر ایک کے لیے مصیبت بن چکا ہے، ہم نے اپنے دور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کی اور بجلی کے نرخ بھی کنٹرول میں رکھے۔
صدر ن لیگ نے ججز کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ 2018 میں ملک کو نظر لگی اور غریب پس کر رہ گیا، اس وقت پر سڑک پر پھرتے ایک شخص کو کہا گیا کہ آؤ آپ کو انصاف دیتے ہیں۔ میں پوچھتا ہوں اس ملک کے ساتھ ظلم کرنے کی ضرورت کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں نواز شریف ورک فرام ہوم کیوں کر رہے ہیں؟
اجلاس میں چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ اسکیم سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر مریم نواز نے ہدایت کی کہ سولر پینل فنانسنگ اسکیم کو آسان تر بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔