احمد جنجوعہ 7 روزہ ریمانڈ پر انسداد دہشت گردی پولیس کے حوالے

پیر 22 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کی مبینہ جبری گمشدگی کیس میں اہم پیش رفت رپورٹ ہوئی ہے، لاپتا میڈیا ایکٹیوسٹ کو پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرکے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ احمد وقاص جنجوعہ کی اہلیہ کی جانب سے ان کی بازیابی کی درخواست پر آج صبح سماعت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے انہیں 12 بجے تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم اس کے فوراً بعد پی ٹی آئی کے میڈیا کوآرڈینیٹر کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کر دیاگیا۔

یہ بھی پڑھیں: ‏‏اسلام آباد ہائیکورٹ کا احمد جنجوعہ کو 12 بجے تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم

تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ میں احمد  وقاص جنجوعہ کو انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ احمد وقاص جنجوعہ سے گرفتاری کے وقت دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا تھا۔

تفتشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ کالعدم تنظیموں سے تعلقات اور مزید تفتیش اور ریکوری کے لیے ملزم کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے تاہم عدالت نے احمد وقاص جنجوعہ کا 7 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں 29 جولائی کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی سوشل میڈیا ہیڈ اظہر مشوانی کا سی ٹی ڈی پر بھائیوں کو اغوا کرنے کا الزام

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کی مبینہ جبری گمشدگی ایسے وقت ہوئی ہے کہ جب منگل کو برطانیہ کے ہاؤس آف لارڈز میں ’پاکستان کی جمہوریت بحران میں‘ اور عمران خان کی جاری نظر بندی پر بحث متوقع ہے، سابق وزیر اعظم عمران خان اپنے خلاف بہت سے مجرمانہ مقدمات میں ضمانت ملنے یا بری ہونے کے باوجود جیل میں ہیں۔

ہاؤس آف لارڈز میں منگل کے پروگرام کی میزبانی لیبر ایم پی ناز شاہ اور ڈینیئل حنان کریں گے، جو کہ کنزرویٹو کے سابق ایم پی اور اب ہاؤس آف لارڈز کے رکن کنگسکلیئر کے لارڈ ہیں، احمد جنجوعہ تقریب کے انعقاد اور بین الاقوامی میڈیا میں کوریج کو فروغ دینے میں سرگرم عمل رہے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp