پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ فیلڈ میں جو حالات نظر آرہے ہیں وہ بہت خطرناک ہیں، لیکن ہم آئین و قانون کے اندر رہتے ہوئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ چیف جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس نہیں لارہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان نے جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کی کال دینے سے متعلق بات نہیں کی، وکلا نے اس کی تردید کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں حکومت پاگل ہوچکی، پارٹی رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں، اسد قیصر
انہوں نے کہاکہ عمران خان اصولوں پر کھڑے ہیں، چاہتے تو وہ بھی سمجھوتہ کرسکتے تھے۔ عوام اور اداروں کے درمیان اگر خلیج پیدا ہوتی ہے تو یہ بہت بڑی بدقسمتی ہے۔
اسد قیصر نے کہاکہ آئین میں ہر ادارے کے کردار کا تعین ہے لیکن بدقسمتی سے یہاں ایسا نہیں ہورہا، اس وقت ہماری پارٹی کے 16 ممبران غائب ہیں۔
’ہمارے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش ہورہی ہے‘
سابق اسپیکر نے کہاکہ ملک کے حالات خراب ہوں گے تو کون سرمایہ کاری کرے گا، اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے ارکان اسمبلی کو آفرز کی جارہی ہیں، اور بات نہ ماننے کی صورت میں دھمکیاں مل رہی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی ان کی خواہش ہے لیکن یہ مانے گا کون، کیا ان لوگوں کو عوام کا احساس ہے، کہ غریب پر کیا گزررہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں ہم مقابلے کے لیے تیار، حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے، اسد قیصر
اسد قیصر نے کہاکہ چیف جسٹس کے خلاف کوئی ریفرنس لے کر نہیں آرہے، صرف چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس لانے کا فیصلہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں دوبارہ الیکشن چاہتے ہیں، اس حکومت کے خلاف مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے۔