عمران خان نے اظہر مشوانی کی بازیابی کے لیے جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی

جمعرات 30 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے  کہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ سیاسی اور معاشی بحران سے نکالنے کا واحد راستہ ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کے کارکن اظہر مشوانی کی بازیابی کے لیے جمعہ کے روز دن 3 بجے ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان بھر میں ہر ضلع کے پریس کلب کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنان احتجاج ریکارڈ کرائیں،اس پرامن احتجاج کی عوام کی جانب سے بھرپور حمایت کی جانی چاہیے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں اور ہم سب جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے خلاف فسطائیت کی اس لہر کے پیچھے کون ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس فسطائیت کے خلاف آخری گیند تک لڑیں گے اور جو بدمعاش ہم پر مسلط کیے گئے ہیں ان کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔


قبل ازیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے 90 روز کی شق حکمرانوں کے لیے پریشان کن تھی اور اسی لیے ان بدمعاشوں کی امپورٹڈ حکومت ،ان کے ہینڈلرز اور الیکشن کمیشن آئین کا سرعام مذاق اڑا رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویٹ سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان نے لکھا کہ ہم نے اسمبلیوں کی تحلیل سے قبل اپنے آئینی وقانونی ماہرین سے مشورہ کیا تھا اور ہمیں سب کی طرف سے متفقہ یہ بتایا گیا تھا کہ آئین کے تحت نوے روز کے اندر انتخابات ہونا ضروری ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید لکھا کہ ہمیں اس سے فرق نہیں پڑتا کہ سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ فیصلہ سنائے یا فل کور ٹ ،ہم تو صرف یہ معلوم کرنا چاہتے ہیں کہ آئین کے مطابق عام انتخابات تین ماہ میں ہوں گے یا نہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکمران انتخابات سے خوفزدہ ہیں اور اپنے سزا یافتہ لیڈروں کو صاف کرنے کے لیے اتنے بے قرار ہیں کہ وہ آئین اور قانون کی حکمرانی کے عمل کو ہی تباہ کرنے کے لیے تیار ہیں جو خطرناک ہے کیوں کہ پاکستان کی بنیاد ہی آئین اور قانون کی حکمرانی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp