سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل ہوا تو پی ٹی آئی بڑی پارلیمانی پارٹی بن گئی، بیرسٹر گوہر

جمعرات 25 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل ہوا تو پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی بن گئی، باقی ایم این ایز اور ایم پی ایز کی کنفرمیشن کر رہے ہیں، بہت جلد پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی پارلیمانی جماعت بن جائے گی۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر تحریک انصاف کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق 40 ایم این ایز کی کنفرمیشن کر لی ہے، اسی طرح پنجاب سے 107، خیبر پختونخوا سے 91 اور صوبہ سندھ سے 9 ایم پی ایز کی کنفرمیشن بھی کر لی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا فیصلہ

بیرسٹر گوہر خان نے بتایا کہ ان شا اللہ ان تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز کا بھی بہت جلد نوٹیفکیشن ہو جائے گا، اس طرح پاکستان تحریک انصاف ایک بار پھر چاروں صوبوں میں ایک بڑی پارلیمانی جماعت بن کر سامنے آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین کی بالادستی اور ایوان کی مضبوطی اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، ہمارے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو آج بھی دبایا جا رہا ہے، ان اور ان کے گھروں پر حملے جاری ہے، یہ لاقانونیت ختم ہو گی، ہم عدلیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ آپ کا آئینی اور قانونی فریضہ ہے، اس کے لیے آپ کو سوموٹو لینا ہوگا۔

مزید پڑھیں:مخصوص نشستیں ملنے کے بعد حکومت بنانی ہے یا نہیں، فیصلہ بعد میں کریں گے، بیرسٹر گوہر

انہوں نے کہا کہ 26 جولائی جمعہ کو ہمارا پر امن احتجاج ہو گا، ہم عدلیہ سے کہتے ہیں کہ جو لوگ بھی ہمارے پر امن احتجاج میں رکاوٹ پیدا کریں گے،ان کے خلاف بھی سوموٹو لیا جائے، ہمارے ایم این اے چوہدری امتیاز کو اٹھا لیا گیا ہے، راتوں رات ان کے خلاف اینٹی کرپشن کے مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب جب ہمارے مقدمات عدلیہ کے سامنے آئیں گے وہ سب ختم ہوں گے اور عمران خان کو جس طرح آج لاہور ہائیکورٹ نے ریمانڈ ختم کیا اس طرح وہ سارے مقدمات سے بری ہو کر جیل سے باہر آئیں گے۔

عمران خان نے نئے انتخابات کی تیاری کا کہا ہے، گوہر ایوب

اس موقع پر پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی، عمران خان نے قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت ناکام ہو چکی ہے، نظام نہیں چل سکتا اس لیے الیکشن کی تیاری کریں۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کا پیغام ہے، قوم نئے انتخابات کی تیاری کرے، عمرایوب

گوہر ایوب نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پی ٹی آئی اور فوج کو آمنے سامنے کھڑا کیا جائے، یہ سب کو معلوم ہو چکا ہے کہ یہ حکومت فیل ہو چکی ہے اور مستقبل پاکستان تحریک انصاف کا ہے۔ دوبارہ صاف اور شفاف انتخابات ہوئے تو تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی۔

گوہر ایوب نے اعلان کیا کہ کل جمعہ کو ملک میں پر امن احتجاج کریں گے، 5 اگست کو جلسے کی درخواست کریں گے اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور جلسے کو لیڈ کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp