پیرس اولمپکس میں پاکستانی شوٹرز کی مایوس کن کارکردگی

ہفتہ 27 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیرس اولمپکس مقابلوں کے پہلے روز پاکستان کے اولمپیئنز کی مایوس کن کارکردگی سامنے آئی ہے، پاکستانی خاتون شوٹر کشمالہ طلعت اور گلفام جوزف اپنے اپنے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلوں کے فائنل میں پہنچنے میں ناکام رہے۔

پاکستان کی طرف سے 2 بار کے اولمپیئن گلفام جوزف 571 کے فائنل اسکور کے ساتھ کوالیفائی راؤنڈ میں 22 ویں نمبر پر رہے۔ ہفتہ کی سہ پہر کی کارکردگی ٹوکیو اولمپکس 2020 میں ان کے 578 اسکور سے واضح طور پر مختلف تھی۔

یہ بھی پڑھیں:پیرس: دریائے سین پر رنگارنگ افتتاحی تقریب، اولمپکس کا آغاز ہوگیا

اولمپکس میں سربیا کے دامیر مائیک 584 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ اٹلی کے فیڈریکو نیلو مالڈینی نے 581 اور جرمنی کے کرسچن ریٹز نے 580 رنز بنا کر کانسی کا تمغہ جیتا۔

اتوار کو ہونے والے مردوں کے فائنل میں کوئی بھی جنوبی ایشیائی کھلاڑی حصہ نہیں لے گا کیونکہ ٹوکیو میں ہونے والے ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتنے والے بھارت کے سربجوت سنگھ 577 پوائنٹس کے ساتھ نویں جبکہ ہم وطن ارجن سنگھ چیمہ 574 کے حتمی اسکور کے ساتھ 18 ویں نمبر پر رہے۔

مزید پڑھیں:پیرس اولمپکس میں کوالیفائی کرنے والی پاکستانی شوٹر کشمالہ طلعت گولڈ میڈل جیتنے کے لیے پُرامید

دریں اثنا خواتین کے مقابلوں میں کشمالہ طلعت نے 10 میٹر ایئر پسٹل ویمنز ایونٹ میں 567 کے فائنل اسکور کے ساتھ اولمپک ڈیبیو میں 31 ویں پوزیشن حاصل کی۔

ٹوکیو اولمپکس میں 34 ویں نمبر پر رہنے والی ہنگری کی ویرونیکا میجر اور جنوبی کوریا کی یی جن اوہ دونوں نے 584 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ بھارت کی منو بھاکر تیسری پوزیشن پر رہیں۔ منو بھاکر نے ٹوکیو میں بندوق کی خرابی کے بعد 12 ویں پوزیشن حاصل کرنے کے بعد ایونٹ میں متاثر کن واپسی کی ہے۔

پاکستانی جوڑی اب 29 جولائی کو 10 میٹر ایئر پستول مکسڈ ٹیم ایونٹ میں واپس ایکشن میں نظر آئے گی۔ ہندوستانی ٹیم میں چیمہ اور رتھم سانگوان شامل ہیں جنہوں نے اولمپک ڈیبیو میں خواتین کے ایونٹ میں 15 ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی شوٹر کشمالہ طلعت نے پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلیا

واضح رہے کہ اس سال کے اوائل میں 22 سالہ طلعت 2024 ایشین شوٹنگ چیمپیئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی تھیں۔ پیرس میں ان کا تیسرا اور آخری ایونٹ 25 میٹر پستول خواتین کوالیفکیشن راؤنڈ ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp