محکمہ موسمیات کی یکم سے 6 اگست تک ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی

بدھ 31 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں مون سون کے دوران بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، اور محکمہ موسمیات نے یکم اگست سے 6 اگست کے دوران بارشوں کے ایک اور اسپیل کی پیشگوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے سے ملک بھر میں شدید بارشوں کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں مون سون بارشیں: وزیراعظم کی این ڈی ایم اے کو جانی و مالی نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پنجاب کے بیشتر مقامات، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کی توقع ہے، جبکہ اسلام آباد میں بھی موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے 2 سے 5 اگست کے دوران مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، اسلام آباد اور راولپنڈی کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ جبکہ بلوچستان کے برساتی نالوں میں بھی طغیانی آسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارشوں کے اسپیل کے دوران اسلام آباد، وسطی و جنوبی پنجاب اور پشاور کے نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں، جبکہ 4 اور 5 اگست کو سندھ کے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں کوہاٹ میں بارشوں اور سیلاب سے 11افراد جاں بحق

اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp