کراچی کے علاقے سائٹ ایریا نورس چورنگی پر فیکٹری میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھگدڑ مچنے سے متعدد افراد بے ہوش ہوگئے ہیں جبکہ دھکم پیل سے فیکٹری سے ملحقہ دیوار بھی دیوار گر گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ راشن کی تقسیم کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر موجود تھی اور کئی افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جس جگہ راشن تقسیم کیا جارہا تھا وہاں کرنٹ لگنے کی وجہ سےبھگدڑمچی اور دھکم پیل سے فیکٹری سے ملحقہ دیوار گرنے سے لوگ نالے میں جا گرے۔
پولیس نے بتایا کہ ریسکیو حکام کے مطابق 2 بچے نالے میں گر کر جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ فیکٹری کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی کیماڑی نے یہ بھی بتایا کہ فیکٹری انتظامیہ نے راشن کی تقسیم کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ نہیں کیا تھا،پولیس نے فیکٹری مینیجر سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس آفیسر نے بتیا کہ واقعہ کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ عباسی شہید اسپتال میں 9 جبکہ سول اسپتال میں دو لاشیں لائی گئی ہیں جبکہ 15 زخمیوں کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔