وزیراعلیٰ سندھ کا صوبے میں بجلی بنانے، تقسیم کرنے والی کمپنی قائم کرنے کا اعلان

جمعہ 2 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے صوبے کی اپنی آئی پی پی کمپنی قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ایک تقریب میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی دنیا کا چھٹا خطرناک شہر ہے، اس شہر کو بہت سے چیلینجز کا سامنا ہے،کراچی میں اڑھائی کروڑ کی آبادی میں ملک کی ہر جگہ سے آئے ہوئے لوگ شامل ہیں، حکومت سندھ کراچی کے مسائل حل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور صوبے کے عوام کے لیے لازمی آواز بلند کریں، مراد علی شاہ

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ مہنگائی، مہنگی بجلی اور مہنگا ایندھن شہریوں کے سب سے بڑے مسائل ہیں، افسوس ہے کہ کراچی میں بہت سی صنعتیں خسارے میں چل رہی ہیں یا بند ہوچکی ہیں، اس سے مزید مسائل پیدا ہوں گے کیوں کہ ہم پہلے ہی بیروزگاری کے دور سے گزر رہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے صوبے میں بجلی بنانے اور تقسیم کرنے والی کمپنی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ توانائی بحران کا مسئلہ حل کرسکتا ہے، صوبہ سندھ تھر کے کوئلے سے سب سے سستی بجلی بنارہا ہے، صوبے کی اپنی آئی پی پی کمپنی قائم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کی ملاقات، باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کا عزم

انہوں نے کہا کہ سندھ پاکستان کی انرجی باسکٹ ہے، 70فیصد گیس بھی سندھ ہی پیدا کررہا ہے، مشکل وقت ہے ، ملک کے مسائل کے حل کے لیے حکومت، انڈسٹریز اور عوام سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جس صوبے سے گیس نکلے گی، اس صوبے کو پہلی ترجیح دی جائے گی، صوبہ سندھ اور کراچی کی ایکسپورٹ سے پورا پاکستان لنک ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ شہر میں مسائل ہیں لیکن ہم کبھی ہار نہیں مانیں گے، ہم نے دہشت گردی کو شکست دی ہے، شہر سے دیگر جرائم کا بھی مکمل خاتمہ کریں گے، کراچی میرے دل میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔

سندھ حکومت کے الیکٹرک کو 15 روپے فی یونٹ بجلی دیتی ہے

’سندھ میں نوری آباد کا پاور پلانٹ 100 میگاواٹ بجلی پیدا کرتا ہے، یہ 90 فیصد ڈسپیچ پر چلتا ہے، کے الیکٹرک کے میرٹ آڈٹ میں سب سے اوپر نوری آباد کا پاور پلانٹ ہے، یہ پاور پلانٹ 15 روپے فی یونٹ بجلی پیدا کرتا ہے، پھر کے الیکٹرک 48 روپے فی یونٹ بجلی صنعتوں کو فروخت کرتی ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp