علی امین گنڈاپور صوبے کے عوام کے لیے لازمی آواز بلند کریں، مراد علی شاہ

جمعرات 14 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ مکمل ہوگئی ہے، وفاق کے ساتھ مل کر کام کریں گے، علی امین گنڈاپور کو بھی یہی کہوں گا کہ وہ اپنے صوبے کے عوام کے حقوق کے لیے کام کریں اور اپنے حق کے حصول کے لیے لازمی آواز بلند کریں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس بات کو ہم مانتے ہی نہیں ہیں کہ ارسا کو وفاق کے کنٹرول میں دیا جائے، پہلے پانی کی تقسیم واپڈا کرتی تھی، وفاق کی جانب سے چیئرمین ارسا کی تعیناتی پر ہمیں شدید اعتراض ہے، ارسا کا مقصد ہی یہ تھا کہ اس میں وفاق کا کوئی اثر انداز نہ ہو۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ 2016 میں جب میں وزیراعلیٰ سندھ بنا تھا تو اس وقت وفاق میں مسلم لیگ ن کی حکومت تھی، نواز شریف وزیراعظم تھے، اس وقت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے تعلقات بہت خراب تھے، اور صدر مملکت آصف علی زرداری ملک سے باہر تھے۔

’میں نے اس وقت چیف منسٹر کا حلف اٹھانے کے بعد آصف علی زرداری سے پوچھا کہ میں کسی طریقے سے وفاقی حکومت کے ساتھ کام کروں، انہوں نے جواب میں کہا کہ آپ نے ان کے ساتھ کام کرنا ہے، آپ فوراً وزیراعظم سے ملاقات کے لیے وقت لیں اور سندھ کے لوگوں کی بہتری کے لیے کام کریں۔‘

مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بھی ایک ایسے ماحول میں جائیں جہاں ایسی بات نہ ہو کہ ان کے وفاق سے اختلافات بڑھیں، علی امین گنڈاپور اپنے لیے نہیں صوبے کے لوگوں کے حق کے لیے کام کریں اور اپنے صوبے کے لوگوں کے لیے آواز بلند کریں۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم نے سندھ میں کارکردگی دکھائی ہے اس لیے سندھ کے لوگوں نے دوتہائی اکثریت سے کامیابی دلائی ہے، اب لوگوں کی امیدیں ہم سے بڑھ گئی ہیں، چاہے حالات سازگار ہوں یا نہ ہوں ہم نے کارکردگی دکھانی ہے، ہم نے صوبے کے عوام کی امیدوں پر پورا اترنا ہے، ہم نے عمران خان کے ساتھ بھی ساڑھے تین سال ٹھیک گزارے۔

انہوں نے کہا ’میں نے پہلے دن اسمبلی میں کہا تھا کہ ہمارے ساتھ جو ایم پی ایز بیٹھے ہیں۔ ان کے فارم 45 سامنے لانا میری ذمہ داری ہے، جس جماعت کو اعتراض ہے وہ الیکشن کمیشن میں جاکر کیس دائر کرے، جی ڈی اے نے پورے سندھ میں 130 سیٹوں کے بجائے صرف 30 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کیے تھے، سنی اتحاد کونسل کبھی کسی اسمبلی میں آئی ہی نہیں، ان کو پتا تھا کہ انہوں نے ہارنا ہے۔‘

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں خود بعض سیٹوں پر اعتراض ہے، جس کے لیے ہم الیکشن کمیشن اور ٹربیونلز میں اپیل دائر کریں گے، یہ قانونی عمل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp