گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جماعت اسلامی کے کارکنوں کے ساتھ کیا گیا وعدہ وفا کرتے ہوئے آج ان کی چائے سے تواضع کرتے ہوئے پانی کی ٹھنڈی بوتلیں بھی بھجوائی ہیں، جبکہ اعلان کیا ہے کہ دھرنا شرکا کو دوپہر کا کھانا پیش کیا جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں کامران ٹیسوری نے کہاکہ ہم بریانی سے جماعت اسلامی کے دھرنا مظاہرین کی تواضع کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں کراچی دھرنے میں پکوڑنے نہ ملنے پر جماعت اسلامی کے کارکنان گورنر ہاؤس کے گیٹ پر پہنچ گئے
انہوں نے کہاکہ دھرنا شرکا کو کھانا ذاتی رقم سے فراہم کیا جائے گا، یہ لوگ میرے صوبے کے باسی اور مہمان ہیں، اس لیے ان کی خدمت میرا فرض بنتا ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنان مظاہرے کرنے کے بجائے ٹیکنالوجی سیکھیں، اور اس کے لیے انہیں خود کو گورنر آئی ٹی کورس میں رجسٹرڈ کرانا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے جو کارکنان دھرنے کی وجہ سے کام پر نہیں جاسکتے، وہ اہل خانہ کے لیے بھی مفت راشن لیں۔
واضح رہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا تھا کہ اگر جماعت اسلامی نے گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دیا تو نا صرف ان کی پکوڑوں سے تواضع کی جائے گی بلکہ کھانا بھی پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں گورنر سندھ نے بھی جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کردی
گزشتہ روز جماعت اسلامی کے کارکنان گورنر ہاؤس کے گیٹ پر پہنچ گئے تھے، اور گھنٹا بجا کر سوال کیا تھا کہ گورنر اپنا کیا گیا وعدہ کب پورا کریں گے۔