ایشین انڈر 18 والی بال چیمپیئن شپ میں پاکستان نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

اتوار 4 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی انڈر 18 والی بال ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بحرین میں ہونے والی ایشین انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے دفاعی چیمپیئن جاپان کو 3-0 سے شکست دی۔ گرین شرٹس 3 بار کے دفاعی چیمپیئن کے خلاف کھیل کے آغاز سے ہی سرفہرست رہے اور سٹریٹ سیٹس میں فتح مکمل کی۔ سیٹ کا اسکور پاکستان کے حق میں 25-13، 25-21 اور 25-17 رہا۔

یہ بھی پڑھیں ایشین انڈر 18 والی بال چیمپیئن شپ، پاکستانی ٹیم نے مسلسل تیسری کامیابی سمیٹ لی

اس ایونٹ میں ٹاپ فور میں جگہ حاصل کر کے پاکستان نے اگلے سال ورلڈ انڈر 19 والی بال چیمپیئن شپ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔

2008 کے بعد ایشین والی بال چیمپیئن شپ میں کسی بھی عمر کے گروپ میں یہ پاکستان کا پہلا تمغہ ہے، جب پاکستان نے ایشین انڈر 20 چیمپیئن شپ میں بھارت کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

پاکستان والی بال فیڈریشن نے انڈر 18 ٹیم کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشین چیمپیئن شپ میں کارکردگی ملک میں والی بال کے روشن مستقبل کو ظاہر کرتی ہے۔

واضح رہے کہ ہفتہ کو پاکستان سیمی فائنل میں چین کے خلاف 3-2 کے فائنل اسکور سے ہار گیا تھا۔

چین نے 23-25، 25-22، 22-25، 25-23 اور 8-15 کے سیٹ اسکور کے ساتھ فتح حاصل کی۔ ہر سیٹ میں سخت مقابلہ ہوا، کوئی بھی ٹیم پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیں ایشین انڈر 18 والی بال چیمپیئن شپ: پاکستان کی روایتی حریف بھارت کو 0-3 سے شکست

پہلے سیٹ میں چین نے 23-25 سے کامیابی کے ساتھ ابتدائی برتری حاصل کی۔ پاکستان نے دوسرے سیٹ میں واپسی کرتے ہوئے 25-22 سے جیت حاصل کی۔ آگے پیچھے کی لڑائی جاری رہی، چین نے تیسرا سیٹ 22-25 اور پاکستان نے چوتھا سیٹ 25-23 سے جیت کر میچ کو فیصلہ کن پانچویں سیٹ میں دھکیل دیا۔

فائنل سیٹ میں چین کے کھلاڑیوں نے اپنی لچک اور صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالآخر 15-8 سے کامیابی حاصل کی اور چیمپیئن شپ کے فائنل میں اپنی جگہ بنا لی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp