بھارت فوری طور پر کشمیر میں رائے شماری کرانے کا اعلان کرے، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار

پیر 5 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق فیصلہ دنیا کو قبول نہیں، بھارت فوری طور پر کشمیر میں رائے شماری کرانے کا اعلان کرے۔ بھارت کے مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے ناکام کبھی پورے نہیں ہوں گے اور پاکستان ہر وہ قدم اٹھائے گا جو کشمیری بہن بھائیوں کے لیے ضروری ہوگا۔

 نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یوم استحصال کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 سال پہلے بھارت نے آئین میں ترمیم کرکے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، بھارت کا یہ اقدام غیر آئینی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے۔

’آئین میں تبدیلی کرکے کشمیریوں کے حقوق ختم کرنا بھارت کی خام خیالی ہے‘۔

مزید پڑھیں: یوم استحصال کشمیر: پاکستان کا کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے آئین میں اس لیے تبدیلی کی کہ دوسرے لوگ وہاں آکر پراپرٹی خریدیں، بھارت کے ناکام عزائم ہیں کہ وہاں کے مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدل دے۔ ویسے تو بھارت جمہوریت کا چیمیئن بنتا ہے، لیکن بھارت بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت دے۔

’ہم نے غزہ اور کشمیر کا مقدمہ پوری دنیا میں لڑا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے آستانہ میں ہونے والی کانفرنس میں کشمیر کے علاوہ غزہ پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھی بات کی، ہم نے وزیر اعظم کی زیر قیادت دنیا کے ہر فورم پر کشمیر اور فلسطین کے لیے آواز اٹھائی۔

’اسرائیل نے فلسطین میں ہمارے 40ہزار بہن بھائی شہید کردیے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: یوم استحصال : اہل کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لیے نغمہ جاری

نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بھارت کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق فیصلہ دنیا کو قبول نہیں، بھارت فوری طور پر کشمیر میں رائے شماری کرانے کا اعلان کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp